نئی دہلی //ایڈیٹرس گلڈ آف انڈیا نے بی جے پی لیڈر لعل سنگھ کی طرف سے وادی کے صحافیوں کو دھمکی ارسال کرنے کی کڑی الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ریاستی گورنر این این ووہر پر زور دیا ہے کہ وہ موصوف کے خلاف قانون کے مطابق کڑی کارروائی کریں۔ ایڈیٹرس گلڈ آف انڈیا نے بتایا کہ سینئر صحافی اور رائزنگ کشمیر کے مدیر اعلیٰ سید شجاعت بخاری کے بہیمانہ ہلاکت کے موقعہ پر بی جے پی لیڈر کی دھمکی انتہائی قابل مذمت ہے۔ گلڈ نے ریاستی گورنر این این ووہر پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی لیڈر کے خلاف قانون کے مطابق ضروری کارروائی عمل میں لاتے ہوئے وادی میں کام کررہے صحافیوں کی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔گلڈ نے بتایا کہ وادی کے صحافیوں کو اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو انجام دینے کے لیے بی جے پی لیڈر کی طرف صحافیوں کو مہلوک شجاعت بخاری جیسے نتائج بھگتنے کے لیے تیار رہنے جیسی دھمکیاں انتہائی شرمناک اور قابل مذمت ہے۔گلڈ کے مطابق بی جے پی لیڈر کی اس طرح کی دھمکیوں سے واضح ہوتا ہے کہ موصوف آزاد صحافت کے بالکل خلاف ہے اور اس طرح موصوف ریاست جموںوکشمیر جیسی حساس ریاست میں صحافیوں پر حملوں کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں۔انہوں نے ریاستی گورنر سے مانگ کی ہے کہ موصوف کی اشتعال انگریز بیان بازی کو سنجیدہ نوٹس لیا جائے جس کے ذریعے انہوں نے پرامن ماحول کو بگاڑنے کی بھر پور کوشش کی۔ گلڈ نے ریاستی گورنر سے مانگ کی ہے کہ بی جے پی لیڈر کے خلاف قانون کے مطابق فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔گلڈ نے مطالبہ کیا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی اعلیٰ قیادت کو مذکورہ لیڈر کی زبان کو لگام دے کر اُن کی سرزنش کرنی چاہیے اور ان کے خلاف تحت ضابطہ کارروائی عمل میں لاکر انہیں اپنے بیان سے منہ موڑ کر اپنے کئے پرمعافی مانگنی چاہیے۔