لالچوک میں ٹریفک نظام کی درستگی: صوبائی کمشنرکی غیر قانونی تجاوزات ہٹانے کی ہدایت

سرینگر// صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے کل آفیسران کی ایک میٹنگ کی صدارت کے دوران لالچوک میں ٹریفک دبائو کو کم کرنے کی ضرورت پرزوردیا اور اس مقصد کے لئے ایک وسیع مہم چلانے کی ہدایت دی۔میٹنگ میں آئی جی ٹریفک بسنت رتھ ،کمشنر ایس ایم سی اورٹریفک ایڈوائزر کے علاوہ دیگر متعلقہ آفیسران بھی موجود تھے۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے صوبائی کمشنر نے کہا کہ لالچوک میںٹریفک نظام میں مزید بہتری لانے کی ضرورت ہے۔حالانکہ اس سلسلے میں پہلے ہی کئی اقدامات کئے گئے ہیں۔انہوںنے کہا کہ ان اقدامات سے تاریخی لالچوک اوراس کے گردونواح میں مستقل طور ٹریفک نظام میں معقولیت آئے گی ۔صوبائی کمشنرنے لالچوک میں ہر قسم کی غیر قانونی تجاوزات اور تعمیرات کو ہٹانے کی ہدایت دی۔انہوںنے ہر ی سنگھ آئی اسٹریٹ جہانگیر چوک اوربڈشاہ چوک میں بھی ٹریفک نظام میں بہتری لانے کے لئے مختلف محکموں کو باہمی تال میل کے ساتھ کام کرنے پر زوردیا۔صوبائی کمشنر نے کہا کہ ناجائز تجاوزات کو ہٹانے اور سائینسی بنیادوں پر ٹریفک نظام میں معقولیت لانے کے لئے اضافی عملہ تعینات کیا جائے گا۔