لالچوک میں مزید5لاٹری فروش پولیس کی گرفت میں

 سرینگر//لالچوک میں لاٹری فروشی کا قلع قمع کرنے کیلئے پولیس نے اس غیر قانونی دھندے میں ملوث مزید پانچ لاٹری فروشوں کو حراست میں لے لیا۔ کوٹھی باغ پولیس اسٹیشن نے پانچ لاٹری فروشوں معراج الدین ڈار ولد عبدالخالق ساکنہ بٹوارہ ، حیات آہنگر ولد نور محمد ساکنہ ٹینکی پورہ ، نذیر احمد ولد غلام احمد ساکنہ بربرشاہ ، الطاف احمد وازہ ولد غلام حسن ساکنہ نوا کدل اور فاروق احمد ڈار ولد محمد امین ساکنہ بمنہ کی گرفتاری عمل میں لا کر اُن کے قبضے سے چھ موبائیل فون ، لاٹری ٹکٹیں اور دوسرا مواد برآمد کرکے ضبط کیا ۔ پولیس ٹیم نے لالچوک اور اس کے گردنواح میں لاٹری ٹکٹیں فروخت کرنے کیلئے استعمال میں لائے جار ہے ایک آٹو زیر نمبر Jk01AA-4145کو بھی تحویل میں لے لیاہے۔ پولیس نے اس سلسلے میں ایف آئی آر زیر نمبر 70/2018کے تحت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔
 

علامہ اقبال لائبریری کو ایوارڈ 

سرینگر// کشمیر یونیورسٹی میں علامہ اقبال لائبریری کو ISO-9001:2015 ایوارڈسے نوازا گیا ہے۔یہ ایوراڈ لائبریری سروسز کی فراہمی اور سکالروں، طلبااور کشمیر یونیورسٹی کے تعلیمی اور ریسرچ کی ضروریات کوپورا کرنے کے صلے میں دیا گیا۔یونیورسٹی لائبرین پروفیسر جی ایم پیرزادہ نے کہا کہ کشمیر یونیورسٹی بھارت کی ان چند یونیورسٹیوں میں شامل ہے جنہیں یہ ایوارڈ ملا ہے۔