لالپورہ کنزر میں93سالہ پنڈت خاتون فوت | مقامی مسلمانوں نے آخری رسومات انجام دیں

ٹنگمرگ//لالپورہ کنزر میںپنڈت خاتون کی آخری رسومات مسلمانوںنے انجام دے کر کشمیر کے صدیوں پرانے بھائی چارے کی مثال قائم کی۔وادی میں1990کے اوائل میں نامساعد حالات کے دوران کشمیری پنڈتوںنے ہجرت کی تاہم لالپورہ میں5کشمیری پنڈتوں نے یہی رہنے کافیصلہ کیا۔ لالپورہ کنزرمیں جمعرات کو 93سالہ پربھاوتی زوجہ تارا چند (آنجہانی) انتقال کرگئیں۔ علاقہ میں جب بزرگ پنڈت خاتون کے وفات پانے کی خبر جونہی کھارا کھل محلے میں پھیل گئی تو سینکڑوں کی تعداد میں مسلمان تعزیت کرنے اور لواحقین کی ڈھارس بندھانے کیلئے پہنچے۔ پربھاوتی کے 4فرزند ہیں جن میں سے 2جموںمیں تھے جبکہ گھر میں2بیٹے تھے ۔جموں سے دو بیٹوں کی واپسی کے بعد ہی آنجہانی خاتون کی آخری رسومات انجام دی گئیں جن میں مقامی مسلمانوں نے بھی شرکت کی۔