لاسی پورہ پلوامہ پر فوجی اہلکاروں کا دھاوا

   پلوامہ // پلوامہ کے لاسی پورہ گائوں میںسوموار کی سہ پہر جنگجوئوں کی جانب سے پولیس چوکی پر فائرنگ کا نزلہ منگل کی شام مقامی آبادی کو تختہ مشق بناکر گرایا گیا۔واقعہ کے بعد علاقہ میں پر تشدد مظاہرے کئے گئے۔لاسی پورہ میں 55آر آر کے اہلکار نمودار ہوئے اور انہوں نے مرکزی امام وخطیب اعجاز احمد اور مقامی نمبردار اعجاز اقبال سمیت درجنوں افراد کی مارپیٹ کی۔مقامی لوگوں کے مطابق لوگ اس وقت نماز مغرب کی تیاری میں مصروف تھے کہ فوج نے دہشت کا ماحول قائم کرکے راہ گیروں اور دکانداروں کی مارپیٹ شروع کی اس دوران فوج نے ایک نوجوان کی گرفتاری عمل میں لائی جبکہ کئی نوجوانوں کے موبائل بھی چھین لئے۔لوگوں کی فوج کی اس کارروائی کو بلاجواز قرار دیکر زبردست احتجاجی مظاہرے بھی کئے۔لوگ گھروں سے باہر آگئے اور انہوں نے آزادی کے حق میں نعرے بازی کرتے ہوئے احتجاج کیا۔اس موقعہ پر فورسز نے شلنگ کی اور پاوا شلنگ کر کے گائوں کو دھویں سے بھر دیا۔مقامی اوقاف کمیٹی چیئر مین غازی عبدالعزیز نے بتایا کہ فوج نے ننگی جارحیت کا مظاہرہ کر کے بے گناہ لوگوں کی مارپیٹ کی اور بلاوجہ لوگوں کو تختہ مشق بنایا۔انہوں نے کہا کہ فوج کی کارروائی بلاجواز تھی ۔