لازبل سرنل اننت ناگ میں پولیس پر حملہ

 اننت ناگ // لازبل اننت ناگ میں شام کے وقت مشتبہ جنگجوئوں نے پولیس ناکہ پارٹی پر فائرنگ کی جس سے ایک کانسٹیبل زخمی ہوا۔ادھرکوکرناگ میں بڑے پیمانے پر محاصرہ کر کے تلاشیاں لیں گئیں۔لازبل سرنل اننت ناگ کراسنگ کے قریب شام ساڑھے 8بجے جنگجوئوں نے پستول سے پولیس کی ناکہ پارٹی پر فائرنگ کی جس سے کانسٹیبل جاوید احمد شدید طور پر زخمی ہوا۔زخمی کانسٹیبل کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔ واقعہ کے فوراً بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو محاصرہ میں لیا اور تلاشی کارروائی کا آغاز کیا۔ادھر ٹنگہ پاوا کوکرناگ گا ئوں کو فوج اور ایس او جی نے محاصرے میں لیکر گھر گھر تلاشی لی ۔مقامی لوگوں کے مطابق 19آرآر اور ایس او جی نے جنگجووں کی موجودگی کے بعد گائوں کو محاصرہ میں لے کر تمام داخلی اور خارجی راستوں کو سیل کرکے تلاشی کارروائی عمل میں لائی تاہم دوران کاروائی کوئی قابل اعتراض شے برآمد نہ ہونے کے بعد محاصرہ اٹھا لیا گیا ۔