لار گاندربل اور چندی لورہ ٹنگمرگ میں نقب زنی

گاندربل+ٹنگمرگ//گاندربل کے قصبہ لار میں دوران شب نقب زنوں نے 2دوکانوںسے سازوسامان اڑا لیا۔نقب زنوں نے عارف احمد کی بیکری دوکان اورفاروق احمد کی الیکٹرانک دوکانوں کے تالے توڑ کران میں موجود سازوسامان اور نقدی اڑالیاجبکہ دیگر دوکانیں اس واردات میں بچ گئی ہیں۔ ایس ایچ او لارارشد سلفی نے اس سلسلے میں کہا کہ وہ باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں اوراس سلسلے میں ایک کیس زیر نمبر 92/2020 درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔ ادھر چندی لورہ ٹنگمرگ میں نقب زنوں نے دران شب ایک جنرل سٹور میں نقب لگا کر لاکھوں روپے مالیت کے سگریٹ ،خشک پھل اور نوٹوںکے ہار اڑا لئے۔ٹنگمرگ قصبے سے دو کلو میٹر دور چندی لورہ میں نقب زنوں نے بشیر احمد بٹ کی دوکان ’ لیاقت بشیر جنرل سٹور‘ کے پچھواڑے میں کھڑکی توڑ کر دوکان کے اندر رسائی حاصل کرکے دوکان میں موجود لاکھوں روپے مالیت کے سگریٹ ،خشک پھل اور نوٹوںکے ہار اڑالئے جبکہ نقب زنوں نے دوکان میں لگے سی سی کیمرہ ہارڈ ڈسک سمیت اڑالئے۔ ٹنگمرگ پولیس نے اطلاع ملتے ہی دوکان کا معائنہ کرنے کے علاوہ بارہ مولہ سے فارنسک ٹیم طلب کی جنہوں نے ضروری نمونے حاصل کئے۔ نقب زنی کی اس واردات سے چندی لورہ مارکیٹ میں تاجر برادری عدم تحفظ کا شکار ہوگئی ہے۔ ٹنگمرگ پولیس نے معاملہ کی نسبت کیس درج کرلیا ہے۔