سرینگر// جنوبی کشمیر میںاننت ناگ کے فتح پورہ لارکی پورہ گائوں میں جمعرات کی شام بندوق برداروں نے ایک دکاندار کو ہلاک کردیا۔ اس طرح جنوبی کشمیر میںگذشتہ 3روز کے دوران اس طرح کی کارروائیوں کے دوران 4شہری جبکہ 15روز کے دوران 5عام شہریوں کی ہلاکتیں رونما ہوئیں۔ جمعرات کی شام دیر گئے قریب ساڑھے 8بجے فتح پورہ لارکی پورہ میں نامعلوم اسلح برداروں نے پیشے سے دکاندار محمد سلیم ڈار ولد محمد عبداللہ ڈار کو گولیاں ماریں،جس سے وہ خون میں لت پت ہوکر گرگیا۔اسے زخمی حالت میں اسپتال پہنچانے کی کوشش کی گئی تاہم ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ دوکاندار کعبہ مرگ اوقاف کمیٹی صدر کے بیٹے ہیں۔یاد رہے کہ یکم اپریل بدھ کو ہی نندی مرگ دمحال ہانجی پورہ کولگام میں نا معلوم بندوق برداروں نے ریٹائرڈ فارسٹ ملازم غلام حسن وگے ولد وہاب وگے اور سراج الدین کھٹانہ کو گولیان مار کر موقعہ پر ہلاک کیا۔اس سے 4روز قبل 27مارچ کو ریڈونی کھڈونی کیموہ میں اسلحہ برداروں نے آٹو ڈرائیور 23سالہ معراج احمد بٹ ولد محمد اکبر کو گولیاں ماردیں جس کے بعد وہ اننت ناگ اسپتال لیجاتے ہوئے دم توڑ بیٹھا۔کولگام ضلع کے تری گام یوری پورہ میں ہی 21مارچ کو اسلحہ برداروں نے وسیم احمد ولد محمد امین کو گولیاں مار کر شدید زخمی کردیا جس کے بعد وہ سکمز میں 10روز زیر علاج رہا تاہم 30مارچ کو وہ زندگی کی جنگ ہار گیا۔
لارکی پورہ کا دکاندار ہلاک
