لارنو کوکر ناگ حلقہ کے نتائج تبدیل

اننت ناگ// ضلع ترقیاتی کونسل حلقہ لارنو کو کر ناگ کی خواتین کیلئے خصوصی نشست پر سرنو ووٹ شماری کے بعد آزاداُمیدوار ساجدہ بیگم نے جیت حاصل کی۔ساجدہ بیگم پہلے ہوئی ووٹ شماری میں یہ چنائو ہار گئی تھی۔ کانٹے کا مقابلہ اور جیت کا تناسب بہت ہی کم( صرف 7ووٹ) ہونے کے باعث اس نے اپنی رشتہ دار مدمقابل پی ڈی پی کی خاتون امیدوار کی جیت کو چیلنج کیا تھا اور ضلع ترقیاتی کمشنر کودر خواست دی تھی کہ سر نو ووٹ شماری کی جائے۔جمعہ کو اس حلقہ کی دوبارہ گنتی کی گئی جس کے نتیجے میں اس نے اپنی نزدیکی مدمقابل گپکاراتحاد کی اُمیدوارخالدہ بی بی کو61ووٹوں سے شکست دیدی۔ساجدہ بیگم کو سرنوووٹ شماری کے بعد4450ووٹ ملے جبکہ خالدہ بی بی کو4389ووٹ حاصل ہوئے۔اس سے قبل لارنو ضلع ترقیاتی کونسل حلقہ کے ووٹوں کی سرنو گنتی کے دوران گپکار اتحاداورآزاداُمیدوار کے حامیوں کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی اور پولیس نے متحارب گروپوں کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج کیا۔لارنوحلقہ کے ووٹوں کی سرنو گنتی جمعہ صبح گیارہ بجے شروع ہوئی جو شام دیرگئے تک جاری تھی۔معلوم رہے کہ ساجدہ بیگم ، جس نے چنائو جیت لیا ہے،چودھری ہارون کی اہلیہ ہے۔ چودھری ہارون کے بھائی چودھری نظام الدین کی بہو خالدہ بیگم کیساتھ اسکا مقابلہ ہوا تھا، جو پہلے جیت گئی تھی لیکن اب ہار گئی ہے۔انکے والدحاجی چودھری زبیر گول گلاب گڑھ کے حاجی بلند خان کے سمدھی ہیں۔