اوڑی // اْوڑی کنٹرول لائن پر گذشتہ روزسرحدی حفاظتی فورس(بی ایس ایف) نے جس پاکستانی ( در انداز) کو گولی مار کر ہلاک کیا تھا اسکی لاش کمان پوسٹ پر پاکستانی حکام کے حوالے کی گئی۔ ایس ایچ او اوڑی محمد اشرف نے بتایا ’’ دونوں اطراف کی افواج ایک دوسرے کے ساتھ رابطے میں تھی اور جمعرات سہ پہر کو مذکورہ شخص کی لاش کو کمان پوسٹ کے راستے ایل او سی کے دوسری طرف حکام کے حوالے کردی گئی۔جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت کامران چک ولد محمد نذیرچک کے طور ہوئی ہے جو پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے ضلع ہٹیاں بالا کی تحصیل بانڈی کا رہائشی تھا ۔لاش کو سرحد پار روانہ کرنے کے دوران پولیس ، فوج ، سول انتظامیہ اور محکمہ صحت کے عہدیدار موقع پر موجود تھے۔یاد رہے کہ گل دھولنجا علاقے میں بی ایس ایف کی70ویں بٹالین سے وابستہ اہلکاروں نے کنٹرول لائن عبور کرنے والے اس شخص کی نقل و حمل کے بعد اْس کو گولی ماری تھی اور بدھ کو اسکی لاش اپنی تحویل میں لی تھی۔