لائن آف کنٹرول پرحالیہ دنوں پیش آئے واقعات

سمت بھارگو
راجوری//لائن آف کنٹرول پر عسکریت پسندی سے متعلق حالیہ متعدد واقعات کے پیش نظر سیکورٹی فورسز کو عسکریت پسندوں کی تعداد میں اضافے کے ساتھ ساتھ لائن آف کنٹرول کے ساتھ واقع لانچ پیڈز پر لمحہ بہ لمحہ اضافے کا شبہ ہے۔سیکورٹی فورسز نے یہ تازہ خدشات پیر پنجال علاقے میں کنٹرول لائن پر عسکریت پسندی کے متعدد واقعات کے بعدظاہر کئے ہیں ۔ان واقعات کے دوران پونچھ سیکٹر کے نور کوٹ علاقے میں ایل او سی پر اسلحہ اور گولہ بارود کی برآمدگی اور راجوری کے نوشہرہ سیکٹر میں دراندازی کی کوشش شامل تھی جس میں ایک جنگجو مارا گیا تھا۔ سرکاری ذرائع نے کشمیرعظمیٰ کو بتایا کہ ان دونوں واقعات کو فورسز نے ’ایل او سی سیکورٹی تشویش‘کے طور پر لیا ہے جس کے بعد لائن آف کنٹرول پر سیکورٹی اپریٹس خاص طور پر’اے آئی او ایس‘ کو ہر ممکن طورپر چوکس رکھا گیا ہے وہیں اندرونی سیکورٹی کو بھی بڑھا دیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سیکورٹی فورسز نے اب کچھ اطلاعات پر تازہ خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ لانچ پیڈ پر عسکریت پسندوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔گرمی کے موسم کے آغاز کے ساتھ ہی لائن آف کنٹرول پر دراندازی کی کوششوںکیلئے پہلے ہی الرٹ جاری ہے اور اب لانچ پیڈز پر عسکریت پسندوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ سرکاری ذرائع نے مزید کہا کہ لانچ پیڈ پر عسکریت پسندوں کی تعداد میں اضافہ دراندازی کی کوششوں کی تعداد میں اضافہ ہونے کا اندیشہ ہے ۔دفاعی ذرائع نے بتایا کہ عسکریت پسندوں کی دراندازی کے بغیر صرف اسلحہ اور گولہ بارود پہنچانے کی کوششیں بھی اسمگلنگ کی طرف اشارہ کرتی ہیں جس سے لائن آف کنٹرول پر فورسزکیلئے سیکورٹی خدشات بڑھ جاتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ایسے معاملات کو سنجیدگی کیساتھ لیا جارہا ہے جبکہ سیکورٹی فورسز کو ہر طرح کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے چوکس ہے ۔