سرینگر//لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک نے اسیروں کی حالت زار اور پولیس کی جانب سے ان کے ایام اسیری کو طول دینے کی کاروائیوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ یہ مکروہ حربے اس بات کا ثبوت ہیں کہ جموں کشمیر ایک پولیس ریاست ہے جہاں کا ہر باشندہ پولیس کی زیادتیوں اور جبر کا شکار ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ فرنٹ کے زونل آرگنائزر بشیر احمد کشمیریکو حال ہی میں کوٹھی باغ تھانے منتقل کردیا گیا ہے۔ ہائی کورٹ نے حال ہی میں ان پر لگے پی ایس کو کالعدم قرار دیا جس کے بعد انہیں پہلے جموں جے آئی سی اور بعدزاں تھانہ کرالہ کھڈ اور اب تھانہ کوٹھی باغ منتقل کیا گیا ہے جہاں وہ ہنوز اسیر ہیں۔ بیان کے مطابق پولیس نے ایک اور فرنٹ رکن فیصل اسلم خان جو پچھلے دو برس سے جیل میں ہیں کو ایک نئے کیس میں پھنسا کر سرینگر سینٹرل جیل منتقل کیا ہے۔ فرنٹ رکن عرفان احمد خان جنہیں حالیہ الیکشن کے دوران گرفتار کرکے کوٹھی باغ پولیس نے ایک سخت کیس میں ڈال دیا ہے بھی ہنوز سرینگر سینٹرل جیل میں مقید ہیں جبکہ جے کے ایل ایف کے ضلع صدر گاندربل بشیر احمد راتھر (بویا)، مشتاق احمد میر، مولوی ریاض ،ظہور احمد پرے، عاشق حسین ،تنویر احمد الٰہی ، رئیس احمداور نذیر احمد راتھر بھی مختلف جیلوں یا تھانوں میں مقید پڑے ہیں۔