قوم کی تعمیر کیلئے طلاب میں اخلاقی اقدار کا فروغ ناگزیر: گنگا

 جموں//صنعت و حرفت کے وزیر چندر پرکاش گنگا نے وجے پور سانبہ میں اروند گھوش ہائیر سکینڈری سکول کے24 ویں سالانہ دِن کے موقعہ پرمنعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوم کی تعمیر کے لئے اخلاقی اقدار کو فروغ دینا لازمی ہے۔ وزیر موصوف نے کہا کہ ایک مضبوط قوم وجود میں لانے کے لئے بچوں میں حب الوطنی اور سماجی خدمات کے جذبے کو اُجاگر کرنا بھی ضروری ہے۔گنگا نے کہا کہ تعلیم کی بدولت طُلاب زندگی کے مختلف شعبوں میں آگے بڑھتے ہیں اور ایک مضبوط سماج وجود میں آتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سکولوں کو  نصابی تعلیم کے ساتھ ساتھ بچوں میں اخلاقیات کو پروان چڑھانا چاہئے۔وزیر موصوف نے کہا کہ غیر نصابی سرگرمیوں سے آپسی بھائی چارے کے اقدار کو بھی بڑھاوا ملتا ہے۔اس سے قبل تقریب پر ایک حب الوطنی کا نغمہ پیش کیا گیا اور سکول کی سالانہ رپورٹ بھی پڑھی گئی۔تقریب پر کئی دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔اس دوران وہاں طُلاب نے ایک رنگا رنگ ثقافتی پروگرام بھی پیش کیا۔ بعد میں وزیر نے ذہین طُلاب میں انعامات بھی تقسیم کئے۔