قومی یکجہتی این ڈے اے کا نعرہ

نئی دہلی //این ڈی اے لیڈر منتخب ہونے کے بعد کار گذار وزیر اعظم نریندر مودی نے حلیف جماعتوں کے اراکین کی مشترکہ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا’’ملک میں اقلیتوں کو خوف کی زندگی بسر کرنے پر ان جماعتوں نے مجبور کردیا جو ووٹ کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں، ہمیں اس رجحان کو ختم کرنا ہے اور سب کو ساتھ لیکر چلنا ہے‘‘۔انہوں نے این ڈی اے میٹنگ کے دوران کہا ’’ اب ہمیں نیا بھارت تعمیر کرنے کیلئے طاقت سے نئے سفر کا آغاز کرنا ہے،قتدار میں رہنے والوں کیلئے اس سے بہتر کوئی راستہ نہیں کہ وہ لوگوں کی خدمت کریں‘‘۔مودی نے کہا’’ انتخابات لوگوں میں تقسیم کرنے کا موجب بنتا ہے لیکن 2019چنائو نے لوگوں کے مختلف طبقوں اور سماج کو متحد کیا‘‘۔انکا کہنا تھا’’ ہمارا نعرہ قومی خواہش اور علاقائی خواہشات پر پورا اترنا ہے‘‘۔مودی نے کہا کہ انکی حکومت کے حق میں موجودہ انتخابات میں لہر تھی، یہ اسی کا نتیجہ ہے کہ این ڈی اے کو بھر پور منڈیٹ ملا۔انہوں نے اراکین پارلیمان سے کہا’’ ہم ان کے لئے ہیں جنہوں نے ہم پر بھروسہ کیا،انکے لئے بھی ہیں، جن کا بھروسہ ہمیں حاصل کرنا ہے‘‘۔مودی نے این ڈی اے لیڈران سے کہا کہ وہ میڈیا میں بولنے سے گریز کریں، کیونکہ بعض اوقات انکے بیانات ہمارے لئے مشکلات پیدا کرتے ہیں۔انکا کہنا تھا کہ اراکین کو وی آئی پی کلچر ختم کرنا چاہیے،جہاں کہیں بھی ضروری ہو، لوگوں کیساتھ لائن میں کھڑا رہیں۔انہوں نے کہا کہ پچھلی سرکار انہوں نے غریبوں کیلئے کی، میں کہہ سکتا ہوں کہ غریبوں نے ہی انکی نئی حکومت کو منڈیٹ دیا۔
 
 

پارلیمانی لیڈر منتخب

صدر کی جانب سے حکومت بنانے کی دعوت

یو این آئی
 
نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی بھارتیہ جنتا پارٹی کی قیادت والے قومی جمہوری اتحاد کا رہنما منتخب کئے جانے کے بعد صدررام ناتھ کووند سے ملاقات کرکے حکومت سازی کا دعوی پیش کریں گے ۔پارلیمنٹ کے سنٹرل ہال میں شام پانچ بجے این ڈی اے کے نو منتخب ممبران پارلیمنٹ کی میٹنگ میں مودی کو رسمی طور پر رہنما منتخب کیا گیا۔ اس کے بعد این ڈی اے رہنما شام تقریباّ سات بجے صدر سے ملاقات کریں گے ۔ اس کے بعد رات تقریباّ آٹھ بجے مودی کووند سے مل کر انہیں این ڈی اے کا رہنما منتخب کئے جانے کی رسمی اطلاع دیں گے اور حکومت بنانے کادعوی پیش کریں گے ۔ اس کے بعد صدر انہیں وزیر اعظم نامزد کریں گے اور حلف برداری کے لئے مدعو کریں گے ۔ وزیر اعظم حلف برداری کی تاریخ اور وقت طے کرکے راشٹرپتی بھون کو مطلع کریں گے ۔ذرائع کے مطابق مودی 30مئی کو نئی کابینہ کے ساتھ حلف لے سکتے ہیں۔اس سے قبل چیف الیکشن افسر سنیل اروڑا نے دوپہر تقریباّ بارہ بجے صدر کووند کو سترہویں لوک سبھا کے نو منتخب اراکین کی فہرست اور ا س سے متعلق نوٹیفکیشن کی کاپی پیش کی ۔