قومی کرائم ریکارڈس بیورو رپورٹ 2016

 سرینگر//قومی کرائم ریکارڑس بیورونے ایک رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ جموں کشمیر میں سال2016 کے دوران پولیس اور نیم فوجی دستوں کی طرف سے غیر مہلک ہتھیاروں کے استعمال سے زخمی ہوکر مرنے والوں کی تعداد گولیوں سے مرنے والوں کی تعداد سے دو گنا ہے۔ رپورٹ کے مطابق 2016میں برہان وانی کی ہلاکت کے بعد پیدا شدہ ہنگامہ خیز حالات کے دوران جموں کشمیر پولیس اور نیم فوجی دستوں کے ہاتھوں لاٹھی چارج سے 29عام شہری ہلاک ہوئے جبکہ پولیس اور نیم فوجی کی طرف سے کی گئی فائرنگ سے صرف15عام شہری ہلاک ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق اس دوران پولیس اور نیم فوجی دستوں کی طرف سے کئے گئے 1,959لاٹھی چارج کے واقعات میں 375عام شہری زخمی ہوئے جبکہ فائرنگ کے واقعات میں 189افراد زخمی ہوئے ۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ملک بھر میں پولیس اور نیم فوجی دستوں کی طرف سے کئے گئے لاٹھی چارج میں مرنے والوں کی کل تعداد 35ہے جو سال 2015میں لاٹھی چارج کے دوران مرنے والوں کی تعداد سے بہت زیادہ ہے۔ تاہم قومی کرائم ریکارڑس بیورو کے ڈاٹا کے مطابق لاٹھی چارج کے ان واقعات کے دوران پولیس اہلکار بھی کافی تعداد میں زخمی ہوئے ۔ رپورٹ کے مطابق سال 2016کے دوران ملک بھر میں لاٹھی چارج واقعات کے دوران 759عام شہری زخمی ہوئے جبکہ ان واقعات کے دوران 4713پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے جن میں  سے صرف جموں کشمیرمیں زخمی ہونے والے پولیس اہلکار کی تعداد 4502ہے۔