غلام محمد
سوپور// شاہ ہمدان سپورٹس اکیڈمی سوپور کے طلباء نے 11ویں جونیئر، سب جونیئر اور پری ٹین (بوائز اینڈ گرلز) نیشنل پینکاک سلات چیمپئن شپ 2023 میںبہار کے پاٹلی پترا اسپورٹس کمپلیکس پٹنہ میں 26 نومبر تک سونے، چاندی اور کانسی کے تمغے جیتے۔ چیمپئن شپ میں 13 سال کی عمر میں سائرہ خان نے اپنی کیٹیگری میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پورے بھارت کے کھلاڑیوں سے مقابلہ کرکے گولڈ میڈل حاصل کیا۔ سائرہ کا تعلق شمالی قصبہ سوپور کے چنکی پورہ علاقے سے ہے وہ پینکاک سیلات ٹیم کے ہندوستانی دستے کا حصہ تھی جس میں کئی ارکان شامل تھے۔ سائرہ خان بارہمولہ ضلع کی پہلی لڑکی ہے جس نے قومی پنکاک سلات چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل حاصل کیا۔قومی مقابلے میں اپنی اکیڈمی کی نمائندگی کرنا اور یہ باوقار گولڈ میڈل جیتنا ان کے لیے فخر کی بات تھی۔ شاہ ہمدان سپورٹس اکیڈمی سوپور کی سربراہ مسرت رسول کار، کوچ منظور احمد ڈار اور اکیڈمی کی انتظامیہ نے ان کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے سائرہ خان اور ان کے اہل خانہ کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔مذکورہ چیمپئن شپ میں شاہ ہمدان اسپورٹس اکیڈمی سوپور کے زید بن نبی اور صوفی ہلال نے بالترتیب چاندی اور کانسی کے تمغے حاصل کیے۔