سرینگر //پچھلے 5سال کے دوران جموں و کشمیر میں ٹی بی معاملات میں 60سے 80فیصد کمی درج کرنے والے 4 اضلاع کو نیشنل ٹی بی الیمینیشن(National TB elimination) پروگرام کے تحت اضلاع کو تمغوں سے نوازا گیا ہے جن میں اننت ناگ ، پلوامہ اور کپوارہ کو سونے جبکہ بارہمولہ کو کانسی کے تمغے سے نوازا گیا ہے۔سوموار کو دیر رات گئے مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبود کی جانب سے ملک میں پچھلے 5سال کے دوران ٹی بی معاملات میں 60سے 80فیصد کمی درج کرنے والے8اضلاع کو سونے کے تمغے سے نواز ہے جن میں کیر الا ، مدھیہ پردیس ، مہاراشٹرا اور مغربی بنگال کے علاوہ کشمیر صوبے کے تین اضلاع اننت ناگ ، پلوامہ اور کپوارہ شامل ہیں۔ اننت ناگ ، پلوامہ اور کپوارہ ضلع میں 80فیصد کمی آئی ہے اور اسلئے ان اضلاع کو سونے کے تمغوں سے نوازا گیا ہے۔ ٹی بی کے خاتمہ کے پروگرام کے تحت 60سے 80فیصد کمی درج کرنے والے اضلاع کو گولڈ میڈیل، 40فیصد کمی درج کرنے والے اضلاع کو چاندی اور 20فیصد کمی درج کرنے والے اضلاع کو کانسی کے تمغے سے نوازا جاتا ہے۔ بارہمولہ ضلع میں پچھلے5سال کے دوران ٹی بی کے معاملات میں 20فیصد کمی درج کی گئی ہے جبکہ زمرے میں 51اضلاع نے درخواستیں دی تھیں۔ ملک کی 33ریاستوں کے 201اضلاع نے نیشنل ٹی بی ایلیمینیشن پروگرام کے تحت انعام حاصل کرنے کیلئے درخواستیں جمع کی تھیں جن میں 8کو گولڈ اور 51کو کانسی کے تمغے سے نوازا گیا ہے۔ ادھر ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر ڈاکٹر مشتاق احمد راتھر نے تمغے حاصل کرنے والے تمام اضلاع کے چیف میڈیکل افسران، بلاک میڈیکل افسران اور ٹی بی ٹیموں کے اعلاوہ عملہ کے دیگر اہلکاران کو مبارک باد دی ہے۔ گولڈ میڈیل حاصل کرنے والے اضلاع کو 10لاکھ جبکہ کانسی کا تمغہ حاصل کرنے والے اضلاع کو 2لاکھ روپے کے انعام سے نوازا جائے گا۔
قومی ٹی بی پروگرام
