قومی شاہراہ پر کئی گھنٹوں تک وقفے وقفے کا ٹریفک جام، ٹریفک جاری

بانہال//جمعرات کے روز رامسو اور بانہال کے درمیان کئی گھنٹوں تک وقفے وقفے کا ٹریفک جام رہا جس کی وجہ سے دو طرفہ ٹریفک میں مسافر گاڑیوں اور یکطرفہ مال بردار گاڑیوں کو اپنی منزلوں تک پہنچنے میں تاخیر ہوئی جبکہ کئی مسافروں کو بانہال ریلوے سٹیشن سے ملنے والی رقم بھی چھوٹ گئی ۔ ٹریفک پولیس ذرائع نے بتایا کہ بانہال اور شیر بی بی کے درمیان فورلین شاہراہ کی تعمیر کا کام جاری ہے اور جاری تعمیراتی کام اور کھدائی کی وجہ سے چند ایک مقامات پر ٹریفک یکطرفہ بھی ہوجاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جمعرات کے روز مسافر بردار گاڑیوں کی اندھا دھند اور ٹیکنگ اور غیر پیشہ ورانہ ڈرائیونگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹریفک جام کر دیا گیا اور بعد میں اس جام کو بحال کرنے میں مزید کئی گھنٹوں کا وقت لگا۔ انہوں نے کہا کہ بانہال کے نزدیک روم پڑی رتن باس اور شیر بی بی کے علاقوں میں فور لین شاہراہ کا تعمیراتی کام چل رہا ہے اور تھوڑی سے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے کے بجائے دونوں کی طرف کی مسافر بردار گاڑیوں نے اور ٹیکنگ کی اور یہی اور ٹیکنگ بانہال ، شیر بی بی اور ناچلانہ کے درمیان ٹریفک جام کا باعث بنی ۔ انہوں نے کہا کہ سہ پہر بعد سے ٹریفک جام پر قابو پایا گیا ہے اور معمول کا ٹریفک سست رفتار سے متاثرہ علاقے کو پار کر کر رہا تھا۔ انہوں نے کہا مجموعی طور پر ٹریفک کی نقل وحرکت معمول کے مطابق جاری رہی۔اس دوران ٹریفک پولیس ایڈوائزری کے مطابق آج یعنی جمعہ کو شاہراہ پر دو طرفہ مسافر اور یکطرفہ مال بردار ٹریفک چلایا جائیگا ۔