قلعہ مارکٹ تاجر ایسوسی ایشن نے ماسک تقسیم کئے

پونچھ//کورونا وائرس سے لوگوں کو محفوظ رکھنے اور بیدار کرنے کی غرض سے قلعہ مارکٹ تاجر ایسوسی ایشن پونچھ کے صدر راجیو ٹنڈن نے دیگر تاجروں کے تعاون سے  قلعہ مارکٹ اوربس اسٹاپ پر ماسک تقسیم کیے اور کورونا وائرس کی دوسری لہرکیلئے ہر ایک شخص کو محتاط رہنے کی اپیل کی۔پونچھ میں کورونا وائرس کے مریضوں میں اضافہ کے پیش نظر جہاںضلع انتظامیہ کی جانب سے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں وہی تاجر برادری بھی لوگوں کو محتاط رہنے کی اپیل کر رہی ہے۔ اس سلسلہ میں تاجر برادری کی جانب سے مہم چلائی کی گئی ہے جہاں لوگوں کوکورونا وائرس سے خود محفوظ رہنے اور دوسروں کو بھی محفوظ رکھنے کیلئے انتظامیہ کی جانب سے جاری کی گئی گائیڈ لائنز پر عمل ا کرنے کی اپیل کی گئی ۔راجیو ٹنڈن کی قیادت میں تاجروں نے قلعہ مارکٹ اور بس اسٹاپ پر ماسک تقسیم کیے اور لوگوں سے ماسک پہننے کی اپیل بھی کی۔ انہوں نے پولیس اور میونسپل کونسل پونچھ کے اہلکاروں کا تعاون کرنے کی بھی عوام سے اپیل کی۔ راجیو ٹنڈں نے  اس دوران کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر سے نمٹنے کے لیے ہر ایک کو محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ خود کو اور لوگوں کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے کے لیے ایس او پیز پر عمل کریں۔