قصبہ پونچھ کے بالائی علاقے پانی سے محروم

پونچھ//پونچھ قصبہ کے ریڈیو سٹیشن اور قاضی موہڑہ کے بالائی علاقوں کی عوام پانی کی شدید قلت کاسامناکررہی ہے جس پر مقامی لوگ محکمہ پی ایچ ای کے افسران کے تئیں سخت برہم ہیں ۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ بارہا حکام کو پانی کی سپلائی کرنے کی اپیل کی گئی مگر ان کی طرف سے کوئی اقدام نہیں کیاجارہا۔ریڈیو سٹیشن پونچھ کے ساتھ والی پہاڑی پر آباد لوگوں کی جانب سے ایک احتجاجی مظاہرہ بھی کیاگیاجس دوران انہوں نے کامسر پونچھ سڑک بند کر کے محکمہ پی ایچ ای کے خلاف نعرے بازی کی ۔مظاہرین جن میں خواتین اوربچے بھی شامل تھے ،نے کہا کہ عرصہ دراز سے وہ پانی کی فراہمی کا مطالبہ کر رہے ہیں لیکن متعلقہ محکمہ کے افسران پر اس کا کوئی اثر نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ محکمہ کے ملازم اور افسر روز بہانے کرتے رہتے ہیںکہ بجلی نہیں تو کبھی موٹر جل گئی ہے ۔ان کاکہناتھا کہ اس علاقہ کی خواتین کو دور دراز علاقوں سے اپنے سروں پر گھر کے استعمال کے لئے پانی ڈھو کر لانا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پانی کی قلت میں روز بروز اضافہ ہورہاہے جس کی وجہ سے ان کی مشکلات بھی بڑھ رہی ہیں۔ایک خاتون نے کہا کہ اسے پہاڑی سے ایک کلو میٹر نیچے سڑک پر لگائے گئے ایک ہینڈ پمپ سے گھر کے استعمال کے لئے پانی لیجا نا پڑتا ہے جو آسان کام نہیں ۔انہوں نے کہا کہ پانی کی عدم دستیابی کے باعث ان کے بچوں کی تعلیم متاثرہوتی ہے کیونکہ بچے بھی دن بھر پانی ڈھونے کے کام پر ہوتے ہیں ۔انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر ان کو پانی فراہم نہ ہواتو مستقبل میں بڑے پیمانے پر احتجاج کیاجائے گا۔کافی دیر تک احتجاج جاری رہا جس کے بعد ایس ایچ او پونچھ موقعہ پر پہنچے اور انہی کی یقین دہانی پر لوگ منتشر ہوگئے۔