قصبہ مینڈھر کی حالت ناگفتہ بہ

مینڈھر//مینڈھر قصبہ کی تعمیروترقی کی حالت ناگفتہ بہ بنی ہوئی ہے ۔ قصبہ میںنہ ہی سٹریٹ لائٹیں ہیں اور نہ ہی سڑکوں کی حالت ٹھیک ہے ۔خاص طور پر جب بارش ہوجائے تو لوگوں چلنے کا راستہ نہیں ملتاکیونکہ کیچڑ سے ان کے کپڑے خراب ہوجاتے ہیں۔اس سلسلہ میں بات کرتے ہوئے محمد رزاق، محمد افتخاراوراشفاق احمد نے کہا کہ مینڈھر قصبہ کی حالت نہایت ہی خستہ ہے اور قصبہ کے بیچوں بیچ سے گزرنے والی سڑک کی حالت اتنی خراب ہے کہ اس میں بڑے بڑے کھڈے بن گئے ہیں اور بارش کے دوران سڑک کے کنارے سے لوگ گزر نہیں سکتے کیونکہ گاڑیاں جب سڑک پر دوڑتی ہیں تو ان کے ٹائروںسے نکلنے والی چھینٹیں ان کے کپڑے خرا ب کردیتی ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ مینڈھر قصبہ میں انتظامیہ نے سٹریٹ لائٹوں کا بھی کوئی بندو بست نہیں رکھااورنصب شدہ لائٹیں بھی ناکارہ پ؛ڑی ہوئی ہیںجنہیں ٹھیک نہیں کروایاجارہاجبکہ ان کی تنصیب کے وقت لاکھوں روپے خرچ کئے گئے تھے ۔ ان کا کہنا تھا کہ بازار میں نالیوں کی حالت بھی بیان سے باہر ہے اورلوگ بارشوں کے دنوں میں سڑک کے کنارے سے نہیں گزر سکتے کیونکہ نالیوں میں بدبو ہی بدبو پھیل جاتی ہے جس سے عام آدمی کا چلنا مشکل ہو جاتا ہے۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر محمد اعجاز اسد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ انہوںنے گزشتہ دنوں مینڈھر بازار کا دورہ کرکے کچھ اہم ہدایات دیں تاہم ضرورت اس بات کی ہے کہ ان پر عمل کرکے قصبہ کا نقشہ تبدیل کیاجائے ۔انہوںنے اپیل کی کہ قصبہ میں ترقیاتی کام شروع کئے جائیں۔