قرول باغ میں دردناک حادثہ | مکان منہدم ،3لوگوں کی موت

یو این آئی

نئی دہلی//دہلی کے قرول باغ میں اس وقت دردناک حادثہ پیش آیا جب ایک رہائشی مکان اچانک منہدم ہو گیا۔ اس حادثہ میں نصف درجن سے زیادہ لوگ ملبہ کے نیچے دب گئے، جن میں سے 3کی موت واقع ہو گئی۔ اس حادثہ کی خبر ملنے پر فائر بریگیڈ کا عملہ اور این ڈی آر ایف کی ٹیموں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر راحت و بچاو کاری کا عمل شروع کر دیا ہے۔ اب تک ملبہ سے تین لاشیں برآمد ہو چکی ہیں اور باقی ملبہ میں دبے لوگوں کو نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ کے وقت مکان کے اندر 20سے زائد لوگ موجود تھے۔ مقامی لوگوں کے مطابق پہلے تیز دھماکہ ہوا اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے پورا مکان منہدم ہو گیا۔ اس سے آس پاس کے دیگر مکانات بھی اثرانداز ہوئے۔ حادثہ کے وقت وہاں موجود لوگوں کو زلزلہ کے جھٹکے کا احساس ہوا۔ اس سے سبھی میں ایک دہشت پیدا ہو گئی۔فائر بریگیڈ کے افسران کا کہنا ہے کہ صبح تقریبا 9 بجے حادثہ ہونے سے متعلق فون آیا تھا۔ اس خبر پر فائر بریگیڈ کی پانچ گاڑیاں موقع پر روانہ کر دی گئیں۔ فوری طور پر حادثہ کی جانکاری این ڈی آر ایف کو بھی دی گئی۔ اس کے بعد پولیس، فائر بریگیڈ اور این ڈی آر ایف کی ٹیموں نے ملبہ ہٹانے کا کام شروع کر دیا۔ افسران کے مطابق ملبہ سے تین لاشیں اب تک نکالی جا چکی ہیں، دیگر پھنسے ہوئے لوگوں کی تلاش کی جا رہی ہے۔منہدم مکان کے آس پاس رہنے والے لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ عمارت بہت پرانی تھی اور مخدوش حالت میں تھی۔ فائر بریگیڈ کے ڈائریکٹر اتل گرگ کا کہنا ہے کہ اس مکان کا بڑا حصہ منہدم ہو گیا ہے۔ نصف درجن سے زائد لوگوں کے ملبہ میں اب بھی دبے ہونے کا اندیشہ ہے۔ ریسکیو آپریشن میں اب تک تین لاشیں برآمد ہو چکی ہیں۔اس حادثہ پر دہلی کی نامزد وزیر اعلیٰ آتشی نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حادثہ کی خبر ملتے ہی ضلع مجسٹریٹ سے بات کر متاثرین کو ہر ممکن راحت پہنچانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ حادثہ کے بارے میں انھوں نے دہلی میونسپل کارپوریشن کی میئر سے بھی بات کی ہے۔