قرنظین میں رکھے گئے لوگ بہترین سہولیات کیلئے انتظامیہ کے شکرگزار

سرینگر//ڈپٹی کمشنر سرینگر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے کہا ہے کہ کورنٹین میں رکھے گئے لوگوں کو معیاری خدمات فراہم کرنے پر سرینگر انتظامیہ کی کاوشوں کو عوامی سطح پر سراہا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بیرونِ ممالک سے آنے والے لوگوں کو الگ تھلگ رکھنے کی اگرچہ اشد ضرورت ہے لیکن پھر بھی ان لوگوں کو آرام دہ سہولیات کے ساتھ ساتھ کورنٹین مراکز پر طبی نگہداشت کی دستیابی یقینی بنائی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب تک سرینگر واپس لوٹنے والے 1847  افراد میں سے 1413 افراد کو کورنٹین کی مدت کامیابی کے ساتھ مکمل کرنے کے بعد رخصت کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ ڈسچارج کئے گئے لوگوں کا ہر گروپ انتظامیہ کیلئے شکر گذاری کا جذبہ رکھتے ہیں ۔ یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ ضلع میں کورنٹین میںاب تک رکھے گئے لوگوں کو دیگر اعلیٰ سہولیت والے 42 مراکز میں منتقل کیا گیا ہے جہاں انہیں 3 سٹار ہوٹل و دیگر رہائشی سہولیات میسرہیں ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سرینگر ایم حنیف بلخی کورنٹین میں رکھے گئے لوگوں کو فراہم کی جا رہی سہولیات کی از خود نگرانی کر رہے ہیں ۔