سرینگر// تحریک حریت چیئرمین جموں کشمیر محمد اشرف صحرائی نے معرکہ پنجورہ شوپیان میں جاں بحق ہوئے جنگجوئوںراہیل رشید شیخ اور بلال احمد کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ’ ہماری قوم کے جوان اپنی اٹھتی جوانیوں اور گرم گرم لہو سے تحریک آزادی کو پروان چڑھارہے ہیں‘ ۔ اپنے ایک بیان میں صحرائی نے بھارت سے آزادی حاصل کئے جانے کا عہد دہراتے ہوئے کہا کہ ان جوانوں کے مقدس لہو کو کسی بھی صورت میںفراموش نہیں کیا جائے گا اور ان کے چھوڑے ہوئے مشن کو اس کے حتمی انجام تک پہنچاکر ہی دم لیں گے ۔انہوں نے نوجوان نسل کے تحریک آزادی کے تئیں ان کے والہانہ لگائو کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے جذبۂ آزادی کو دنیا کی کوئی طاقت دبانے کی متحمل نہیں ہوسکتی ۔ انہوںنے راشد احمد خان (وترگام ) امتیازاحمد میر (براٹھ) اعجاز احمد خان ( سوپور) اویس احمد ڈار ( سوپور)غلام قادر راتھر(تارزو) اورعبداللہ جانواری(سوپور) کو سیفٹی ایکٹ کے تحت جیل منتقل کرنے جبکہ خورشید احمد ڈار ( سیلو) ،اعجاز احمد بہرو،محمد صدیق لورہامہ اور تنویر احمد ( چھجہامہ) کو مسلسل مقید رکھنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان گرفتاریوں کا کوئی جواز نہیں ۔