قربانیاں ناقابل فراموش،ہر صورت میں حفاظت ہوگی:مزاحمتی جماعتیں

سرینگر//لبریشن فرنٹ،فریڈم پارٹی ، دختران ملت ،مسلم لیگ ،تحریک کشمیر ، پیروان ولایت اور مسلم خواتین مرکز نے دربگام جھڑپ میں جاں بحق ہوئے جنگجوئوں اور ایک عام شہری کے والدین و دیگر لواحقین کو یقین دلایا کہ اُن کی قربانیوں کی ہر صورت میں حفاظت کی جائے گی اور اُنہوں نے جن مصائب کا سامنا کیا ہے اُنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ لبریشن فرنٹ نے دربہ گام پلوامہ میںجاں بحق ہونے والے سمیر ٹائیگر، عاقب خان اور عام شہری شاہد احمد ڈا ر کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔فرنٹ کے ایک وفدنے پلوامہ پہنچ کراُن کی نماز جنازوں میں شرکت کی۔ اس موقع پر فرنٹ قائدین نے کہا کہ قوم ان جیسے جیالوں کی قربانیاں کسی بھی صورت میں فراموش نہیں کر سکتی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ یہاں کے نوجوانوں کی سیاسی مکانیت مسدود کی گئی ہے اورمظالم کا ایسابازار گرم کررکھا ہے جس کے بعد ان معصوم جوانوں کے پاس اپنی جان کی بازی لگادینے کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں رہتا۔فریڈم پارٹی نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ دونوں جنگجواپنے اپنے علاقے کے معروف عسکری کمانڈر تھے اُور دونوں کی بہادری اور آزادی پسندی کی گواہی پوراعلاقہ دے رہا ہے۔فریڈم پارٹی کا ایک وفد انجینئر فاروق خان کی قیادت میں دربگام پلوامہ گیا جہاں اُس نے سمیر ٹائیگر کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور لواحقین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ وفد نے راجپورہ میں عاقب خان کے اقرباء سے ملاقات کرکے اُن کی ڈھارس بندھائی۔انہوں نے اُن کے والدین و دیگر اقارب کو یقین دلایا کہ اُن کی قربانیوں کی ہر صورت اور ہر حال میں حفاظت کی جائے گی اور اُنہوں نے راہ آزادی میں جن مصائب کا سامنا کیا ہے اُنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وفد نے آری ہل جاکر کمسن شاہد کے والدین کی ڈھارس بندھانے کی بھی کوشش کی۔دختران ملت ترجمان رفعت فاطمہ نے سمیر احمد بٹ ، عاقب خان اور شاہد احمد ڈار کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان قربانیوں کی بدولت مسئلہ کشمیر عالمی ایوانوں میں گونج رہا ہے۔مسلم لیگ نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کو صبر و استقامت کے زیور سے آراستہ ہو کر ان سرفروشوں کے مشن کے ساتھ وفاداری نبھانے کا عہد باندھنا چاہئے۔لیگ ترجمان کے مطابق منظور احمد للہاری، عبدالرشید خان ،محمد اشرف صوفی، منظور احمد خان اور اعجاز احمد پر مشتمل تنظیم کا ایک وفدراجپورہ اور دربگام پلوامہ گیا جہاں انہوں نے سمیر احمد اور عاقب احمد کے نماز جنازوں میں شرکت کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کی ۔تحریک کشمیر کے ترجمان نے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ طاقت کی بناء پرکسی بھی تحریک کو ختم کیا جاسکتا ہے نہ عوامی رائے پر قدغن لگائی جاسکتی ہے ۔ پیروان ولایت نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان جوانوںکی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی ۔پارٹی ترجمان نے کہا کہ پچھلے چند برسوں سے کشمیری جوانوں کا عسکریت پسندی کی جانب مائل ہونا تحریک آزادی کی کامیابی کی علامت ہے ۔مسلم خواتین مرکز چیئرپرسن یاسمین راجہ کی قیادت میں ایک وفد نے دربگام پلوامہ پہنچ کرلواحقین کی ڈھارس بندھائی۔ انہوں نے کہا کہ افسپاکی آڑ  میں فورسز عام شہریوں پر اندھا دھند فائرنگ کر کے کشمیری نوجوانوں کی نسل کشی پر عمل پیرا ہے۔