قرارداد میں امن کی اپیل نہ کرنے پر مایوسی ہوئی: عمر

سرینگر// نیشنل کانفرنس نائب صدر عمر عبداللہ نے راجدھانی نئی دہلی میں پلوامہ خود کش دھماکے کے پیش نظر منعقدہ کل جماعتی اجلاس میں متفقہ  منظور کی گئی قرارداد پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ عمرعبداللہ نے ٹویٹر کے ذریعے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا 'قرارداد میں امن برقرار رکھنے کی اپیل شامل نہ کرنے پر مایوسی ہوئی۔ جموں میں تشدد اور بعض ریاستوں کی یونیورسٹیوں اور کالجوں میں تناؤ کے پیش نظر قرارداد میں مذمت وتعزیتوں  کے ساتھ ساتھ امن برقراررکھنے کی اپیل کی توقع بھی تھی'۔قابل ذکر ہے کہ عمر عبداللہ نے گذ شتہ روز مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ سے اپیل کی کہ وہ بیرون ریاست زیرتعلیم کشمیری طالب علموں کے تحفظ کے لئے تمام ریاستوں کی حکومتوں کے نام ہدایات جاری کریں۔