قدیم سکّوں کی عکاسی کرنے والے کیلنڈر کی رسم رونمائی

جموں//وزیر خزانہ ڈاکٹر حسیب اے درابو نے محکمہ ثقافت کی طرف سے تیار کئے گئے ایک کیلنڈر کی رسم رونمائی انجام دی جس میں پرانے سکّوں کی عکاسی کی گئی ہے ۔ثقافت کی وزیر مملکت پریاسیٹھی، کمشنر سیکرٹری کلچر دلشاد خان کے علاوہ کئی دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر درابو نے کہا کہ محکمہ آرکائیوز کی طرف سے تیار کیا گیا یہ ہیرٹیج کیلنڈر 350-150سے لے کر ڈوگرہ دور تک کے نادر سکّوں کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ تانبے ، چاندی اور سونے کے یہ سکے محکمہ کے عجائب گھر میں محفوظ رکھے گئے ہیں۔وزیر نے کہا کہ کیلنڈر کے مختلف پنوں پر ان سکّوں کی تفاصیل کے ذریعے سے عام لوگوں کو ان ادوار کے بارے میں بھی جانکاری حاصل ہوتی ہے جن کے دوران یہ سکّے رائج تھے۔