قبرستان کی اراضی پر غیر قانونی قبضہ | دہرنہ کے مکینوں کا ایس ڈی ایم دفترکے باہر احتجاج

عارف بلوچ
اننت ناگ //قبرستان کی اراضی پر غیر قانونی قبضہ کے خلاف لوگوں نے ایس ڈی ایم دفتر ڈورو کے سامنے احتجاج کیا اور مانگ کی کہ ناجائز قبضہ کو فوری طور پر ہٹایا جائے۔جمعہ کے روز دہرنہ ڈورو کے لوگوں نے ایس ڈی ایم دفتر کے سامنے احتجاج کیا۔احتجاجی لوگوں نے کہا کہ انکے علاقے میں قبرستان کی اراضی پر چند افراد نے قبضہ کیا ہے جس کے سبب قبرستان7کنال سے سکڑ کر 3کنال تک سمٹ گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ انکا گائوں 600چولہوں پر مشتمل ہے اور قبرستان تنگ پڑنے کے باعث تدفین میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ پہلے بھی معاملہ انتظامیہ کی نوٹس میں لاچکے ہیں اور غیر قانونی قبضہ کرنے والے افراد کے خلاف کارروائی کی مانگ کی ہے تاہم کوئی داد رسی نہ ہوئی جس کے سبب وہ لوگ احتجاج کرنے پر مجبور ہوگئے ۔احتجاجی مظاہرین ’ہم کیا چاہتے انصاف، قبرستان پر ناجائز قبضہ ہٹا ئوجیسے نعرے بلند کر رہے تھے‘ ۔ایس ڈی ایم ڈورو غلام رسول وانی نے کہنا کہ انہوں نے نائب تحصیلدار کی قیادت میں ایک ٹیم تشکیل دی ہے اور ٹیم کو ایک ہفتے کے اندر اندر رپورٹ جمع کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔انہوں نے یقین دلایا کہ ناجائز قبضہ کرنے والے افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔