مینڈھر//خوراک ، شہری رسدات اور امور صارفین و قبائلی امور کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے کہا ہے کہ حکومت ریاست کے قبائلی اورپچھڑے علاقوں کی ترقی کو یقینی بنانے کے سلسلے میں تمام تر اقدامات کر رہی ہے ۔مینڈھر میں ٹرائبل ماڈل کلسٹر ولیج اور اِکلاویاماڈل رہائشی سکول کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد انہوں نے کہا کہ جن علاقوں کو اب تک ترقی کے دائرے میں نہیں لایا گیا تھا ان کی طرف خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔کلسٹر ماڈل ولیج کے تحت فراہم کی جارہی سہولیات کی تفصیلات دیتے ہوئے وزیر نے کہا کہ اقتصادی بنیادی ڈھانچہ کو قائم کرکے بہتر طبی سہولیات ،سڑک رابطے اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جاتی ہے۔ذوالفقار علی نے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا قبائلی علاقوں کو کلسٹر طریقہ پر ترقی دینے کے فیصلے کی سراہنا کی جس کے تحت لگ بھگ 10کروڑ روپے کی رقم واگذار کی گئی ہے ۔وزیر نے قبائلی نوجوانوں کو معیاری تعلیم ،مختلف ہنروں میں تربیت فراہم کرنے کو اوّلین ترجیحات میں شامل کرنے پر زور دیا۔ذوالفقار نے ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ مرحوم مفتی محمد سعید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ وہ اس خطے کی تعمیر و تر قی چاہتے تھے اورانہو ں نے مغل شاہر ہ اور بابا غلا م شاہ با دشاہ یونیو رسٹی کا قیام عمل میںلاکر راجوری پونچھ کو ترقی کرنے کے مواقع فراہم کئے ۔ذوالفقار نے کہاکہ وہ بہت جلد اس علا قہ میں پہا ڑی طلباء کیلئے ہو سٹل بھی تعمیر کرائیں گے ۔ اپنے خطاب میں ممبر اسمبلی مینڈھر جاوید رانانے کہاکہ سیاست نے یہاں کی عوام کو ذات برادری ،مذہب اور علاقائی بنیادوں پر تقسیم کیا جوکہ ایک افسوس ناک بات ہے اورآج وقت یہ تقاضہ کرتا ہے کہ جب تک اس پسماندہ اور سرحدی خطہ کے عوام متحد ہو کر اپنے بنیادی حقوق کے لئے جدوجہد نہیں کریں گے تب تک ہمیں کسی دوسرے سے کوئی توقع نہیں کرنی چاہیے ۔انہوںنے سرکار سے مطالبہ کیا کہ اس سرحدی علاقہ کے تعلیم یافتہ نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع میسر کروائے جائیں ۔ کلسٹر ما ڈل ولیج گو رسائی علاقے میں بن رہاہے جبکہ رہائشی سکول بھیرہ میں بنایاجارہاہے ۔سکول کی تعمیر پر 16کروڑ روپے کی لاگت آئے گی اور اس میں480بچے تعلیم سے آراستہ ہو نگے ۔یہ رہائشی سکول مرکزی سرکار کی وزارتِ درجہ فہرست قبائل کی جانب سے منظور شدہ ہے اور اس کی کفالت کی ذمہ داری بھی اسی وزارت کے ذمہ ہے ۔ سرحدی ضلع پونچھ میںیہ اپنی نوعیت کا واحد اور منفرد تعلیمی ادارہ ہے ۔قابل ذکر ہے کہ اس سکول میں NCERTکا نصاب رائج ہو گا۔ اس سے قبل ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ طارق احمد زرگر نے ضلع میں جاری تعمیراتی و ترقیاتی منظر نامے کی تفصیلات پیش کیں۔ایس ایس پی پونچھ راجیو پانڈے ، ڈائریکٹر محکمہ خوراک آر اے انقلابی ، ڈائریکٹر قبائلی امور محمد رفیع ، کنٹرولر لیگل میٹرولوجی آر کے کٹوچ کے علاوہ ضلع کے دیگر افسران اس موقعہ پر موجود تھے۔اس موقعہ پر پی ڈی پی اور نیشنل کانفرنس کارکنان بھی بڑی تعداد میں موجود تھے ۔بعد میں وزیر نے مینڈھر کے ڈاک بنگلے میں ضلع انتظامیہ اور عوام کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی۔