قانونی خدمات کے بارے میں جانکاری

سر ینگر//ریاستی ہائی کورٹ کی چیف جسٹس ، جسٹس گیتا متل نے پانتہ چھوک سرینگر میں خدمات اور جانکاری کیمپ کا اِفتتاح کیا۔ ضلع اِنتظامیہ سرینگر کے اشتراک سے ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی سرینگر کی جانب سے منعقدہ کیمپ میں وادی کے مختلف علاقوں سے آئے لوگوں اور کئی سرکاری ملازمین نے شرکت کی۔کیمپ کا افتتاح کرنے کے بعد جسٹس گیتا متل نے کہاکہ یہ کیمپ عام لوگوں کے لئے اِنتہائی مفید ہے۔اُنہوں نے کہا ’’ قانونی خدمات صرف عدالت کے اندر ہی نہیں ملتی ہے بلکہ اس کا مطلب لوگوں کو اُن کے حقوق کے بارے میں جانکاری فراہم کرنا بھی ہے، یہ  کیمپ اس لحاظ سے لوگوں کے لئے مفید ثابت ہوگا۔‘‘ اُنہوں نے مزید کہا کہ اِس  کیمپ میں لوگوں کو اُن خدمات اور سکیموں کے بارے میں جانکاری ملے گی جو مختلف محکمے مہیا کر رہے ہیں۔اِس موقعہ پر جسٹس گیتا متل نے جسمانی طور خاص اور اقتصادی طور پسماندہ افراد کے علاوہ دیگر کئی مستحقین میں سکوٹی ، قرضے کی رقم اور کمربند تقسیم کئے ۔جسٹس متل نے جانکاری  کیمپ میں مختلف محکموں کی طرف سے لگائے گئے اسٹالوں کا معائینہ کرنے کے علاوہ مستحق افراد سے بات چیت بھی کی۔جن محکموںنے اپنے اسٹال لگائے ہیں اُن میں صحت، اینمل ہسبنڈری ، سماجی بہبود ، مچھلی پالن ، دستکاری اور زراعت محکموں کے علاوہ جے اینڈ کے بینک ،ایگر و انڈسٹری ڈیولپمنٹ کارپوریشن ،ای ڈی آئی ، لیبر ڈیپارٹمنٹ اور کمپوزِٹ ریجنل سینٹر بھی شامل ہیں۔اس موقعہ پر محکمہ صحت کشمیر نے جانکاری  کیمپ میں آنے والے لوگوں کو کئی طبی ٹیسٹ اور ڈاکٹری مشورہ مفت فراہم کیا۔ ریاستی لیگل سروسز اتھارٹی کے ایگزیکٹیو چیئرمین جسٹس آلوک ارادھے ، ممبر سیکرٹری یشپال برنی، پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ ششنز جج سرینگر محمد اکرم چودھری ، چیف جسٹس کے پرنسپل سیکرٹری جواد احمد ، چیف جوڈیشنل مجسٹریٹ سری نگر اعجاز احمد خان، ڈپٹی کمشنر سرینگر ڈاکٹر سید عابد رشید شاہ ، ایس ایس پی سری نگر امتیاز اسماعیل ، سپیشل موبائل مجسٹریٹ گوہر مجید ، میونسپل مجسٹریٹ سرینگر وائی پی شرما کے علاوہ مجسٹریٹ عبدالباری ، مہرین مشتاق ، میر وجاہت ،سیکرٹری ڈی ایل ایس اے فیض اقبال بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔