کولگام//ہفتہ اور اتوار کی درمیانی رات کو جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے قاضی گنڈ علاقے میں ایک نجی بینک کی آٹومیٹڈ ٹیلر مشین (اے ٹی ایم) جس میں ساڑھے چار لاکھ روپے تھے ،چوری ہو گئے ہیں۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ قاضی گنڈ میں پٹرول پمپ کے قریب واقع ایچ ڈی ایف سی بینک کے اے ٹی ایم میں کچھ بدمعاش گھس گئے، اور نقدی سمیت اے ٹی ایم مشین اڑالے گئے۔
ذرائع نے بتایا کہ واقعہ کے وقت اے ٹی ایم میں کوئی سیکورٹی گارڈ موجود نہیں تھا۔
بینک کے ایک ملازم نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اے ٹی ایم میں تقریباً 4.5لاکھ روپے تھے۔
پولیس نے چوری کی واردات کا نوٹس لیتے ہوئے تفتیش شروع کر دی ہے۔