قاضی گنڈ میں ٹریفک پولیس افسرکو ٹرک نے کچل ڈالا

قاضی گنڈ+بانہال// جموں و کشمیر ٹریفک پولیس کے ایک افسر کو قاضی گنڈ میں تیز رفتار ٹرک نے ٹکر مار کر کچل دیا جبکہ بانہال میں ایک ٹرک نے موٹرسائیکل سوار کو ٹکر مار کر جاں بحق کیا ۔پولیس نے بتایا کہ سرینگر جموں شاہراہ پر بونی گام قاضی گنڈ کے نزدیک ٹریفک پولیس کا ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر ڈیوٹی پر مامور تھا اور اس دوران قاضی گنڈ کی طرف جانے والی ایک تیز رفتار ٹرک کو رکنے کا اشارہ کیا گیا۔ ٹرک زیر نمبرJK22B/6543 کا ڈرائیور جاوید احمد بٹ ولد غلام نبی بٹ ساکن سنگرامہ سوپور ٹرک کو تیز رفتاری کیساتھ چلا رہا تھا اور اسی وقت اے ایس آئی ٹرک کے سامنے آیا اور ڈرائیور کو رکنے کا اشارہ کیا۔ ڈرائیور حواس باختہ ہوا اور اس نے ٹرک کو مذکورہ ٹریفک پولیس افسر پر چڑھایا اور شدید ٹکر مار کر گاڑی سمیت فرار ہوا۔ ٹریفک پولیس اے ایس آئی محمد شفیع بٹ ولد محمد رمضان بٹ ساکن شانگس اننت ناگ کو  اسکے دیگر ساتھیوں نے شدید زخمی حالت میں قاضی گنڈ اسپتال پہنچایا لیکن وہ موقعہ پر ہی لقمہ اجل بن گیا تھا۔ایس ایچ او قاضی گنڈ ریشی ارشاد نے بتایا کہ ڈرائیور ٹرک لیکر فرار ہوئے جسکا پولیس نے پیچھا کیا اور چند کلو میٹر دور چچھمولہ کے نزدیک قابو کرلیا اور ٹرک بھی ضبط کیا۔ادھر بانہال میں اسی طرح کے ایک دلخراش واقعے میں ایک ٹرک نے نوجوان موٹر سائیکل سوار کو ٹکر مار ہلاک کر دیا ۔پولیس نے بتایا رتن باس بانہال علاقے میں ایک تیز رفتار ٹرک نے  موٹر سائیکل سوار 20سالہ عابد احمد لون ولدعبد السلام لون ساکن تانترے پورہ ڈولی گام بانہال کو شدید زخمی کر دیا  ۔ایس ایچ او بانہال نعیم الحق نے بتایانوجوان کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکڑوں نے اسے مردہ قرار دیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ٹرک ڈارئیور فرار ہوا ہے  جبکہ گاڑی کو ضبط کیا گیا ہے۔