قائد حزب اختلاف کروڑوں عوام کی آواز ہیں: راہل گاندھی

 یو این آئی

نئی دہلی// کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے جمعرات کے روز کہا کہ پارلیمنٹ میں اپوزیشن لیڈر ہونا نہ صرف آئینی عہدہ کی ذمہ داری نبھانا ہے بلکہ یہ کروڑوں عوام کی آواز بننا بھی ہے۔ راہل گاندھی نے کہا، “یہ صرف ایک آئینی عہدہ نہیں ہے ،یہ کروڑوں ہندوستانیوں کی آواز ہے، اپوزیشن لیڈر کے طور پر، میں غریبوں، پسماندوں اور مظلوموں کی حالت زار کو سننا اپنی اولین ذمہ داری سمجھتا ہوں۔ ملک کے باشندوں کے، ان کے مسائل کو سمجھنے کیلئے اور ہمیں ان کا حل تلاش کرنا ہوگا اور پھر سڑکوں سے پارلیمنٹ تک اپنی آواز اٹھا کر اور حکومت پر دباؤ ڈال کر ان کا حل نکالنا ہوگا۔”انہوں نے کہا کہ’ میں نے گزشتہ 50 دنوں میں پریشانیوں سے دوچار بہت سے لوگوں اور طبقوں سے ملاقات کی، ہر ایک نے کھل کر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور میں نے پوری سنجیدگی کے ساتھ ان کی بات سنی، ہر طبقہ کے مسائل حکومت کے سامنے رکھے، ان کا حل پیش کیا۔ اپنے ساتھی ہم وطنوں کو یقین دلایا کہ ان کی جو بھی مجبوریاں ہوں، ان کے خیالات کو سنا جائے گا اور انہیں اظہار کرنے کا مناسب پلیٹ فارم دیا جائے گا’۔