فیکلٹی اپ گریڈکریں بچوں کے ہسپتال میں اعلیٰ درجے کا طریقہ کار اور تشخیص

  چیف سیکریٹری نے امرا ض اطفال ہسپتال کے کام کاج کا جائزہ لیا

سرینگر// چیف سکریٹری اتل ڈلو نے منگل کو نئے 500 بستروں والے بچوں کے ہسپتال کا جائزہ لیا ۔انہوں نے کہا کہ اس ہسپتال کو جی بی پنتھ سونہ وار سے منتقل کرنے کا مقصد سہولیات کو اپ گریڈ کرنا اور تمام اعلیٰ درجے کے طریقہ کار کو ایک ہی چھت کے نیچے متعارف کرانا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہسپتال انتظامیہ کی یہ کوشش ہونی چاہئے کہ ان مقاصد کو بغیر کسی تاخیر کے پورا کیا جائے کیونکہ ہسپتال کے بنیادی ڈھانچہ کو انتہائی اپ گریڈ کیا گیا ہے۔ چیف سیکریٹری نے ایک مخصوص ٹائم لائن میں بچوں کی دیکھ بھال سے متعلق تمام اعلیٰ درجے کے طریقہ کار اور تشخیص کو متعارف کرانے کی ضرورت پر زور دیا۔ڈلو نے محکمہ کے افسران کو یہ بھی حکم دیا کہ وہ وہاں کی تمام اسامیوں کو پُر کرنے کے لیے کل وقتی فیکلٹی کی بھرتی کیلئے جائیں۔

 

انہوں نے پروفیسروں، ایسوسی ایٹ پروفیسروں اور دیگر اہم عہدوں کو جلد از جلد پُر کرنے کیلئے سخت کوششیں کرنے پر زور دیا تاکہ ہسپتال مریضوں کو بہترین طبی دیکھ بھال فراہم کرنے کے علاوہ مختلف شعبوںمیںڈی ایم یا فیلوشپ کو متعارف کروا یا جاسکے۔انہوں نے یوٹی میں ماہرین کا ایک پول بنانے کیلئے ہسپتال میں ڈی ایم اور سینئر ریذیڈنٹس کی نشستیں بڑھانے کی حکمت عملی تیار کرنے پر زور دیا۔سیکرٹری ایچ اینڈ ایم ای ڈاکٹر سید عابد رشید شاہ نے ہسپتال میں خدمات کی موجودہ صورتحال کو اس خطے میں جدید ترین پیڈیاٹرک طبی سہولت بنانے کے منصوبوں کے بارے میں بتایا۔انہوں نے انکشاف کیا کہ محکمہ پبلک سروس کمیشن (جے کے پی ایس سی) کیلئے تیاری میں ہے تاکہ تمام اسامیوں کو ایک مقررہ وقت میں اشتہار دیا جا سکے۔ انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ شعبہ پیڈیاٹرک سرجری کو رواں ماہ کے آخر تک بمنہ ہسپتال منتقل کردیا جائے گا۔یہ مزید بتایا گیا کہ چلڈرن ہسپتال اس وقت جنرل پیڈیاٹرکس کے علاوہ 16 ذیلی اسپیشلٹیز میں دیکھ بھال فراہم کرتا ہے۔اس میں ہسپتال کو پیرا میڈیکل سٹاف اور دیگر انسانی وسائل، انفراسٹرکچر کی ضروریات کے حوالے سے درپیش مسائل پر غور کیا گیا۔موصوف نے سونہ وار کے ہسپتال کے جی بی پنت کے زیادہ سے زیادہ استعمال کے بارے میں بھی بات چیت کی اور محکمہ نے اس 200 بستروں پر مشتمل طبی سہولت کو یہاں عوام کی باقاعدہ خدمت میں فراہم کرنے کیلئے جلد ہی ایک مناسب منصوبہ تیار کرنے کا عہد کیا۔