فٹ پاتھ پر گاڑیاں چلانے والوں کیخلاف کارروائی کی مانگ

حسین محتشم
پونچھ// مادر مہربان بیتاڑ نالہ پل جس کے فٹ پاتھ کی حال ہی میں مرمت کی گئی اس پر دوبارہ لوگ گاڑیاں اور ٹریکٹر چڑہا رہے ہیں جس کی وجہ سے اس پل کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ سماج سیوا سوسائٹی پونچھ کے صدرجگل کشور، کیپٹن اوم پرکاش، کیپٹن ہرپال سنگھ، ماسٹر ہردیو سنگھ، منظور احمد ،محمد قاضی، سنی کھجوریا اور تمام ممبران نے برہمی کا اظہار کیا ہے کہ بیتاڑ نالہ پل کے فٹ پاتھ پر ٹریکٹر دوڑائے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا گاڑیوں کی اس قسم کی سرگرمیاں فٹ پاتھ کو نقصان پہنچاتی ہیں اور فٹ پاتھ کو پہلے ہی کافی حد تک نقصان پہنچ رہا ہے۔انہوں نے کہا چند ماہ قبل فٹ پاتھ کی مرمت کی گئی تھی لیکن سہی دیکھ بھال نہ ہونے سے فٹ پاتھ پھر سے تباہ ہوتا جا رہا ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ کئے گئے کام کا معیار بھی ٹھیک نہیں ہے کیونکہ بعض مقامات پر فٹ پاتھ ٹوٹ گئے ہیں۔انہوں نے انتظامیہ سے کاروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی فٹ پاتھ پر گاڑی چلاتا ہے تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہئے کیونکہ یہ پل عوام کی ملکیت ہے اور عام لوگوں کے ٹیکس سے بنایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر اس سلسلہ میں سخت کاروائی نہ کی گئی تو وہ عوام کے ساتھ سڑکوں پر اتر کر احتجاج کرنے پر مجبور ہو جائے گی۔