فٹ پاتھ پارکنگ میں تبدیل

سرینگر// شہر سرینگر میں جہاں بیشتر فٹ پاتھوں پر چھاپڑی فروشوں کا قبضہ ہے وہیں لال چوک کے انتہائی مصروف ترین بازار میں فٹ پاتھ کو پارکنگ میں تبدیل کیا گیا ہے اور متعلقہ محکمے خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں ۔لال چوک میں بسکو سکول کے قریب فٹ پاتھ پر موٹر سائیکل پارک کئے جاتے ہیں جس کی وجہ سے راہ گیروں کو چلنے پھرنے میں تکلیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔محمد اسحاق نامی ایک راہ گیر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ فٹ پاتھ راہ گیروں کیلئے ہے مگر یہاں اس پر سکوٹر پارک کئے گئے ہیں جبکہ بیشتر مقامات پر ان پر چھاپڑی فروش قابض رہتے ہیں ۔محمد شفیع ڈار نامی ایک اور راہ گیر نے بتایا کہ لال چوک جو کہ انتہائی مصروف ترین جگہ ہے ،میں راہ گیروں کو چلنے پھرنے میں جگہ نہیں ملتی ہے اور فٹ پاتھوں پر قبضہ کی وجہ سے لوگوں کو سڑکوں کے بیچوں بیچ چلنا پڑتا ہے جس کی وجہ سے حادثات پیش آنے کا احتمال رہتا ہے ۔راہ گیروں نے متعلقہ محکموں سے اپیل کی ہے کہ وہ لوگوں کیلئے بنائے گئے ان راستوں کو چلنے پھرنے کے قابل بنائیں ۔