سرینگر//غذائی اجناس کا کاروبار کرنے والوں کو راحت دیتے ہوئے فوڈ سیفٹی اینڈ سٹینڈرڈس اَتھارٹی آف اِنڈیا (ایف ایس ایس اے آئی ) نے فوڈ لائسنس کے رینول اور سالانہ یا ششماہی رٹیرن فائل کرنے کی آخری تاریخ میں توسیع کر کے اِس کو بالترتیب 30؍ جون 2020ء اور 31؍ جولائی 2020ء مکمل کیا ہے ۔فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کے کمشنر کی جانب سے جاری نوٹس کے مطابق ایف ایس ایس اے آئی نے یہ قدم لاک ڈاون کو مد نظر رکھتے ہوئے اُٹھایا ہے تاکہ جموںوکشمیر میں غذائی اجناس کی تجارت سے جڑے افراد کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔13؍اپریل 2020ء کو جاری اِس حکمنامے کے مطابق جموں وکشمیر میں غذائی اجناس تیار کرنے والے ، تقسیم کرنے والے اور بیچنے والے اُن تمام اَفراد جن کی لائسنس کی مدت ختم ہو گئی ہے یا 31؍ مئی 2020ء کو ختم ہو رہی ہے وہ اَفراد لائسنس کے رینول کے لئے 30؍ جون 2020ء تک درخواست دے سکتے ہیں اور اِس کے لئے کوئی اضافی فیس نہیں لی جائے گی۔نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ مالی سال 2019-20 ء کے لئے سالانہ رٹیرن اور اکتوبر 2019 ء سے مارچ 2020ء تک کاششماہی ریٹرن 31؍ جولائی 2020ء تک داخل کیا جاسکتا ہے۔
فوڈ لائسنس رینیوکرنے کی تاریخ میں توسیع
