فوڈ سیفٹی معیارات کی خلاف ورزی

بڈگام// محکمہ فوڈ سیفٹی بڈگام کی ایک ٹیم نے ضلع کے مختلف بازاروں میں ایک خصوصی چیکنگ مہم چلائی۔مہم کے دوران ٹیم نے مختلف کاروباری مراکز کا معائنہ کیا اور صفائی ستھرائی، حفظان صحت کے حالات اور عام لوگوں کو فروخت کیے جانے والے مٹن اور گوشت کی مصنوعات کے معیار کو چیک کیا۔مہم کے دوران، دس افراد کوگوشت اور چکن بیچنے والے فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز ایکٹ 2006 کے تحت سینیٹری اور حفظان صحت کے تقاضوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پائے گئے جبکہ آٹھ دودھ فروشوں کے نمونے بھی تجزیاتی مقاصد کے لیے اٹھا لئے گئے۔اس موقع پرمتعلقہ افسر بڈگام نے فوڈ سیفٹی اور اسٹینڈرڈ ایکٹ کی مختلف دفعات کی خلاف ورزی کرنے پر فوڈ بزنس آپریٹروں پر 98500 روپے کا جرمانہ عائد کیا۔ڈسٹرکٹ فوڈ سیفٹی افسر نے کہا کہ تمام قصاب، مرغ بیچنے والے اور دودھ فروش اپنے احاطے کے اندر اعلیٰ سطح کی حفظان صحت کو برقرار رکھیں اور انہیں تاکید کی گئی کہ وہ گوشت کو باہر کے خطرات سے دوچار نہ کریں اور ساتھ ساتھ درجہ حرارت کو بھی مناسب رکھیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ گوشت بیچنے والے اپنی دکانوں کے باہر لٹکانے سے گریز کریں بصورت دیگر ان کے خلاف فوڈ سیفٹی اینڈ سٹینڈرڈز ایکٹ کے تحت سخت کارروائی کی جائے گی۔