فورلین ٹنل کے آرپار ٹریفک جام

بانہال//جموں سرینگر شاہراہ پر قاضی گنڈبانہال فورلین ٹنل کے آر پار اور رامسو رام بن سیکٹر میں اتوار کی شب سے لگا تارٹریفک جام پیر کی دوپہر تک جاری رہا اور مسافروں کو اپنی منزلوں تک پہنچنے میں کئی گھنٹوں کی تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔ بانہال قاضی گنڈ فورلین ٹنل سے نکلنے کے بعد پرانی شاہراہ پر بھاری ٹریفک کی وجہ سے جام اب معمول بن گیا ہے اور بانہال ریلوے سٹیشن اور قاضی گنڈ کے درمیان ہر روز سینکڑوں گاڑیوں کو قطار میں رہنا پڑتا ہے۔کئی مسافروں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ وہ اتوار کی شام دیر گئے فورلین ٹنل کے اندر 2گھنٹوں تک پھنسے رہے جبکہ پیر کی صبح جموں سے کشمیر کی طرف آنے والی مسافر گاڑیوں کو نگروٹہ میں کئی گھنٹوں تک روکے رکھنے کے بعد چلنے کی اجازت دی گئی۔ ٹریفک حکام نے بتایا کہ پنتھیال کے نزدیک اتوار کی رات ایک مال بردار ٹرک کے الٹ جانے سے شاہراہ پر ٹریفک کی نقل وحرکت تین گھنٹوں تک متاثر رہی۔