فورجی انٹر نیٹ سروس بحالی کی درخواست :جموں کشمیر حکومت کے نام سپریم کورٹ کی نوٹس

سرینگر//سپریم کورٹ نے جمعرات کو جموں کشمیر میں 4جی انٹر نیٹ سروس کی بحالی سے متعلق ایک درخواست کی شنوائی کرتے ہوئے حکومت جموں کشمیر کے نام نوٹس جاری کیا۔
اطلاعات کے مطابق یہ نوٹس جموں کشمیر سرکار کو ای میل کے ذریعے بھیجی گئی ہے اوراس کا جواب ایک ہفتے کے اندر داخل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
یہ نوٹس سپریم کورٹ کے ڈویژن بینچ، جس میں جسٹس این وی رمنا ، جسٹس آر سبھاش ریڈی اور جسٹس بی آر گاویا شامل ہیں، نے جاری کی ہے۔
درخواست کی شنوائی کے دوران ایڈوکیٹ شادان فراست اور ایڈو کیٹ حفیظہ احمدی ویڈیوکانفرنسنگ کے ذریعے شامل رہے۔
عدالت عظمیٰ پر زور دیا گیا کہ جاری لاک ڈاﺅن کے دوران4جی انٹر نیٹ کی عدم موجودگی کے باعث طالب علموں کی کلاسز بری طرح متاثر ہورہی ہیں۔
تیز رفتار انٹر نیٹ سروس کی معطلی کیخلاف یہ درخواست فراست نے میڈیا پروفیشنلوں کی طرف سے دائر کی ہے جس میں حکومت کے اُس حکم کو چیلنج کیا گیا ہے جس کے تحت 4جی انٹر نیٹ سروس معطل رکھی گئی ہے۔