فوج ہر طرح کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے تیار رہے :راج ناتھ

 نئی دہلی//یو این آئی// وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے فوج کی اعلیٰ قیادت سے کہا ہے کہ وہ دہشت گردی جیسی غیر روایتی اور بالواسطہ جنگ سمیت سبھی طرح کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار رہے ۔فوج کے اعلیٰ کمانڈروں کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ، جو گزشتہ چار دنوں سے جاری ہے ، مسٹر سنگھ نے جمعرات کو فوج کی آپریشنل تیاریوں اور مسلسل بڑھتی ہوئی صلاحیت کی ستائش کی۔ مغربی سرحد پر صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ دشمن کی جانب سے پراکسی وار کی مذموم کارروائیاں جاری ہیں لیکن فوج نے سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی کا منہ توڑ جواب دے کر ان کارروائیوں کو ناکام بنایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ جموں و کشمیر میں دہشت گردی کی لعنت سے نمٹنے میں مرکزی پولیس فورسز، ریاستی پولیس اور فوج کے درمیان تعاون کی تعریف کرتے ہیں۔ مربوط کارروائیوں کی وجہ سے جموں و کشمیر میں استحکام اور امن کی صورتحال پیدا ہوئی ہے اور اس سمت میں اقدامات کو روکا نہیں جانا چاہئے ۔مسٹر سنگھ نے کہا کہ حکومت فوجیوں کی جنگی صلاحیت کو بڑھانے اور ان کے لیے فلاحی اسکیموں کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آتم نربھر بھارت یوجنا دفاعی شعبے میں خود کفیلی کی طرف ایک بڑا قدم ہے اور اس کے ذریعہ گھریلو صنعت کو فوجوں کی مستقبل کی ضروریات کو پورا کرنے کا موقع ملا ہے ۔فوج کے اعلیٰ کمانڈروں کی کانفرنس سال میں دو بار اپریل اور اکتوبر میں ہوتی ہے اور اس کانفرنس میں فوج کی آپریشنل تیاریوں سے لے کر مستقبل کی حکمت عملی تک گہرائی سے بات چیت کی جاتی ہے ۔