سرینگر//ہندوپاک کے درمیان حدمتارکہ پر جاری کشیدگی کے دوران فوج کے سربراہ آج یعنی جمعرات کو وارد کشمیر ہو کر سرحدی علاقوں کا دورہ کریں گے جس دوران وہ سرحدوں پر جاری کشیدگی اور عسکری سرگرمیوں کے بارے میں جانکاری حاصل کر لیں گے ۔ سی این آئی کے مطابق فوج کے سربراہ لیفٹنٹ جنرل مکند نروانے، جمعرات کو وادی کے دورے پرپہنچیں گے جس دوران وہ سرحدی علاقوں کا بھی دورہ کریں گے ۔ خیال رہے کہ فوجی سربراہ اس وقت سرحدوں کا دورہ کرنے جا رہے ہیں جب حدمتارکہ پر ہند پاک افواج کے مابین شدید کشیدگی بنی ہوئی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ دورے کے دوران فوجی سربراہ وادی کشمیر کی موجودہ حفاظتی صورتحال کا بھی جائزہ لیں گے جس دوران 15ویں کمان کے سربراہ انہیں موجودہ صورتحال اور جنگجووں کے خلاف آپریشن کے بارے میں تفصیلی جانکاری دیںگے ۔
فوج کے سربراہ کادورۂ وادی آج | سیکورٹی صورتحال پر جانکاری حاصل کرینگے
