فوج کیلئے72000 جدید اسالٹ رائفلیں

نئی دہلی// وزارت دفاع نے پیشگی محاذوں پر تعینات فوجیوں کو جدید ہتھیاروں سے لیس کرنے کے لئے امریکی کمپنی سیگ سایر سے 72 ہزار 400 اسالٹ رائفلیں خریدنے کے معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔یہ خریداری فاسٹ ٹریک طریقہ کار کے تحت کی جائے گی اور کمپنی تمام رائفلوں کی فراہمی 12 ماہ کے اندر کرے گی۔ ان رائفلوں کی خریداری پر 700 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔ ان میں سے فوج کو 66 ہزار 400، بحریہ کو 2000 اور فضائیہ کو 4000 رائفلیں ملیں گی۔ فی الحال مسلح افواج کے پاس 5.56X45 ایم ایم کی انساس رائفلیں ہیں اور طویل عرصے سے یہ محسوس کیا جا رہا تھا کہ جوانوں کو 7.62X51 ایم ایم کی اسالٹ رائفلوں سے لیس کرنے کی ضرورت ہے۔  یہ اسالٹ رائفلیں گٹھیلی، مضبوط، جدید اور تمام محاذوں پر ہینڈل کرنے میں آسان ہیں۔ امریکی فوجیوں کے ساتھ ساتھ کئی یورپی ممالک کے فوجی جوان ان رائفلوں کا استعمال کر رہے ہیں۔مرکزی وزیر دفاع نرملا سیتا رمن نے اسی مہینے کے آغاز میں خریداری کی منظوری دی تھی۔یہ رائفلیں عمومی طور پر چین کیساتھ لگنے والی 3600کلو میٹر سرحد پر فوجی جوانوں کو مہیا کی جائیگی۔اکتوبر 2017میں فوج نے اپنے جوانوں کیلئے 7لاکھ رائفلیں،44ہزارلائٹ مشین گن اور 44,600گولیاں لانے کی شروعات کی تھی۔