مینڈھر//فوج نے سرحدی سب دویژن مینڈھر میں ایک درانداز کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کی تحصیل ہجیرہ سے تعلق رکھنے والے ایک درانداز کو پونچھ کے سرحدی علاقہ بلنوئی مینڈھر سے حراست میں لیا گیا ہے۔
حراست میں لیے گئے درانداز کو اب تفتیش کے لیے سیکورٹی فورسز کے کیمپ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
حکام نے بتایا کہ ضلع پونچھ کی مینڈھر سب ڈویژن کے منکوٹ علاقے میں بلنوئی کے مقام پر لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج نے ایک شخص کو پکڑ لیا جو لائن آف کنٹرول سے دراندازی کی کوشش کر رہا تھا۔
اُنہوں نے بتایا"وہ اس طرف گھسنے کی کوشش کر رہا تھا جب فوجی دستوں نے اس کو دیکھا، درانداز کو روکا اور حراست میں لے لیا"۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ حراست میں لیا گیا درانداز27برس کا نوجوان ہے اور وہ پاکستان کے علاقے ہجیرہ کا رہائشی ہے۔
حکام نے بتایا کہ اب اسے فوجی کیمپ میں منتقل کر دیا گیا ہے اور پولیس کی ایک ٹیم کو بھی موقع پر پہنچا دیا گیا ہے جہاں مشترکہ پوچھ گچھ کی جائے گی۔