فوجی سربراہ کی سری لنکا کے وزیر اعظم سے ملاقات

نئی دہلی//سری لنکا کے دورہ پر گئے آرمی چیف جنرل منوج مکند نرونے کل وہاں کے وزیر اعظم مہندا راجا پکسے سے ملاقات کی اور دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔جنرل نرونے پانچ روزہ دورے پر منگل کے روز کولمبو پہنچے تھے ۔ ملاقات کے دوران دونوں نے عسکری مسائل کے علاوہ انتہا پسندی اور دہشت گردی اور سابق فوجیوں کی فلاح وبہبود جیسے مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ آرمی چیف نے وزیراعظم کے ساتھ گفتگومیں کہا ‘‘ ہماری دونوں افواج کے درمیان گہرے تعلقات ہیں ’’ ۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ اس بات چیت سے بھی ہر سطح پر دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی اور لوگوں کے درمیان رابطے بھی بڑھیں گے ۔وزیر اعظم راجا پکسے نے بالخصوص تربیت کے شعبے میں ہندوستانی فوج کی جانب سے کئے گئے تعاون کی تعریف کی ۔ اس دورے کے دوران جنرل نرونے انورادھا پورہ میں سری لنکا آرمی سروس کوراسکول کوڈرائیونگ اورفائرنگ سمیولیٹر فراہم کریں گے ۔