سرینگر// فوجی سربراہ لیفٹنٹ جنرل منوج مکند ناروانے جمعرات کو وادی کے دو روزہ دورے پر پہنچ گئے۔ انہوں نے جموں کشمیر کی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا اور لائن آف کنٹرول کی تازہ حالات کے بارے میں بھی جانکاری حاصل کی۔ دفاعی ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف آف آرمی اسٹاف جمعرات کو وادی کے دورے پر پہنچے اور انکے ہمراہ شمالی کمان کے فوجی سربراہ لیفٹنٹ جنرل وائی کے جوشی بھی موجود تھے۔دفاعی ذرائع نے بتایا کہ بعد میں سرینگر کے فوجی ہیڈ کوارٹر میں فوجی سربراہ نے شمالی کمان کے کمانڈر اور چنار کور کے کمانڈ ر بی ایس راجیو کے ہمراہ میدانی علاقوں میں فوجی یونٹوں کا دورہ کیا۔انہوں نے فوجی اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وادی میں تعمیر و ترقی اور امن و خوشحالی کی نئی سورج کا طلوع ہو رہا ہے۔ انہوں نے فوجی اہلکاروں کے بلند حوصلوں اور اخلاقیات کی تعریف کی۔ انہوں نے فوجی اہلکاروں سے تاکید کی کہ ہر طرح کی صورتحال کے دوران سلامتی سے متعلق چیلنجوں کیلئے وہ تیار رہیں۔ جنرل ایم ایم ناروانے نے وادی میں قیام امن کیلئے تمام سرکاری ایجنسیوں کے درمیان آپسی ہم آہنگی اور تال میل کی سراہنا کرتے ہوئے مشترکہ طور پرکورونا وائرس کے پھیلائو کے بیچ لوگوں تک پہنچنے کے کردار کی بھی تعریف کی۔ بعد میں فوجی سربراہ نے بادامی باغ کے92بیس اسپتال کا بھی دورہ کیا جہاں پر انہوں نے ڈاکٹروں اور نیم طبی عملے کے بہتر کام کی سراہنا کی۔انہیں بعد میں15ویں کور کے کمانڈر نے لائن آف کنٹرول اور وادی کی مجموعی سلامتی صورتحال سے متعلق آگاہ کیا۔فوجی سربراہ شام کو سیول سوسائٹی سے بھی ملاقی ہوئے۔
فوجی سربراہ وادی کے 2روزہ دورے پر
