فوجی سربراہان کے بیانات حوصلہ افزاء:ہاشم قریشی

 سرینگر// ڈیمو کریٹک لبریشن پارٹی کے چیئرمین ہاشم قریشی نے ہندو پاک کے فوجی سربراہان کے حالیہ بیانات کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ تشدد اور جنگ سے مسائل حل نہیں ہوتے بلکہ قومیں تباہ ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو 70برسوں سے طاقت کی بنیاد پردبا یا جا رہا ہے اور عوام بیش بہا مالی و جانی قربانیاں دے کر بھی بندوق کے خوف سے دستبردار نہیں ہوئی۔ قریشی نے بھارتی فو جی سر براہ کی عدم تشدد سوچ کو سراہتے ہوئے کہا کہ بحیثیت فوجی سر براہ جموں کشمیر کی سر زمین سے افسپا جیسے قانون کو ختم کروائیں تاکہ زمینی سطح پر حالات سازگار بن سکیں اور جب امن کا ماحول ہو توبات چیت کے در وازے کھل جائیں گے اور اگر سنجیدگی کے ساتھ مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کی کوشش کی جائے تو ممکنہ حل نکل آنے میں دیر نہیں لگ سکتی ۔ انہوں نے اس ضمن میں عسکری تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ فوجی سربراہوں کے بیانات کو عملی طور زمینی سطح پر قائم کرنے کے لئے اپنی طرف سے جنگ بندی کا اعلان کریں۔