فنڈنگ معاملہ : حزب سربراہ کے فرزند کی درخواست ضمانت مسترد

 نئی دلی// سپریم کورٹ نے حزب سپریمو سید صلاح الدین کے محبوس فرزند سید شاہد یوسف کی درخواست ضمانت مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ دلی عدالت عالیہ کے فیصلے میں کوئی غیر قانونی بات نہیں ہے ۔واضح رہے کہ غیر قانونی فنڈنگ معاملے میں سید شاہد یوسف مرکزی تحقیقاتی ایجنسی این آئی اے کے ہاتھوں گرفتار کرکے تہاڑ جیل میں مقید رکھے گئے ہیں ۔ان کے خلاف این آئی اے نے 180روز کی عدالتی ریمانڈ حاصل کی ہے تاہم محبوس شاہد کی جانب سے عدالت عالیہ کے اس فیصلے کو چیلینج کیا گیا اور سپریم کورٹ میں درخواست ضمانت پیش کی ۔تاہم جسٹس ڈی وائی چندرجونڈ اور جسٹس ہیمنت گپتا پر مشتمل سپریم کورٹ بنچ نے اس معاملے میں دلی ہائی کورٹ کے فیصلے کو ہی برقرار رکھا اور شاہد یوسف کی درخواست ضمانت مسترد کردی