جموں// جموں صوبہ کے ضلع پونچھ میں تعمیراتی و ترقیاتی کام ٹھپ ہونے کے ساتھ ساتھ بنیادی عوامی ضروریات بھی لوگوں کو فراہم نہیں ہو رہی ہیں۔ پونچھ میں ترقیاتی عمل میں غفلت شعاری اور بد دیانتی کی وجہ سے تمام منظور شدہ ترقیاتی منصوبے التواء میں پڑے ہیں جس وجہ سے عوام ہر طرح کی بنیادی سہولیات سے مرحوم ہے۔ پانی ، بجلی، سڑک اور راشن سے تاحال ضلع کے کئی علاقے محروم ہیں، جن کی جانب انتظامیہ کی توجہ نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار نیشنل کانفرنس کے خطہ پیر پنجال کے زونل صدر اور سابق ممبر اسمبلی مینڈھر جاوید احمد رانا نے جمعہ کو مینڈھر میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں کروڑوں روپے کی منظوری کے بعد سینکڑوں لیفٹ سکیمیں زیر تعمیر ہیں ، لیکن اس باوجودِ پسماندہ اور سرحدی خطہ کے عوام پانی کی ایک ایک بوند کیلئے ترس رہے ہیں، جبکہ محکمہ جل شکتی کے ریکارڈ میں ہر ایک گھر کو پینے کا صاف پانی میسر ہے۔ رانا نے کہا کے ضلع پونچھ میں انتظامیہ کے اہلکاروں اور مشینری کی من مانیوں کی وجہ سے تمام تر ترقیاتی منصوبے مکمل طور درہم برہم ہو چکے ہیں۔ ضلع کے تمام محکموں کے عہدیداروں پر غفلت شعاری اور انتہائی بدتمیزی کا الزام لگاتے ہوئے نیشنل کانفرنس لیڈر نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے تاکہ ضلع کے تمام محکموں میں افسران کی جوابدہی طے کرکے ان کی حکمرانی پر عوام کا اعتماد بحال کیا جاسکے۔رانا نے کہا کہ اس وقت ضلع پونچھ میں تمام محکمے مکمل طور پر تباہی کی جانب گامزن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زمینی صورتحال حکومت کے ’گڈ گورننس‘ دعوے کے برعکس ہے۔ انتظامیہ کی ناقص کارکردگی نے عام لوگوں اور یوٹی انتظامیہ کے درمیان ایک خلیج پیدا کر دی ہے۔نیشنل کانفرنس لیڈر نے کہا کہ حکومت کے بلند و بانگ دعوؤں کے مطابق احتساب اور شفافیت جو انتظامیہ کی طرز حکمرانی کا نصب العین اور پہچان ہونا چاہئے تھا، جو زمینی سطح پر کہیں نظر نہیں آرہا ، اس طرح کے حالات کے نتیجے میں عوامی شکایات کا ازالہ عوام کیلئے ایک خواب سا بن گیا ہے۔ جاوید رانا نے کہا کہ قبائلی امور سمیت مختلف محکموں کی جانب سے کروڑوں روپے کے فنڈز جاری کیے گئے لیکن وہ خرچ نہ ہونے کے باعث ضائع ہو رہے ہیں اور ذمہ دار وہ لوگ ہیں جو مذموم عزائم کے ساتھ انتظامیہ کے ماتحت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بد قسمتی کی بات یہ ہے کہ ضلع ترقیاتی کونسل (ڈی ڈی سی ) بھی عوام کی توقعات پر پورا اترنے میں ناکام ہو چکی ہے۔جاوید رانا نے زور دے کر کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اس معاملے میں مداخلت کریں اور ضلع انتظامیہ کے معاملات میں ذمہ داروں کا احتساب کرکے عوام کا اعتماد بحال کریں۔