فلپائن میں فوجی طیارہ گرکر تباہ

 منیلا// جنوب مشرقی ایشیائی ملک فلپائن میں فوجی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، حادثے کے وقت طیارے میں 92 افراد سوار تھے جبکہ ریسکیو کا کام جاری ہے۔فلپائن آرمڈ فورسز کے سربراہ چیف جنرل سری لیتو سبجانا نے دلخراش حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سی 130 حادثے میں45 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ حادثہ جنوبی فلپائن میں اس وقت پیش آیا جب فوجی طیارہ صوبے سولو کے جولو نامی جزیرے پر لینڈ کررہا تھا کہ فنی خرابی کے باعث گرا، طیارے کے گرتے ہی اس میں آگ بھڑک اٹھی۔دوسری جانب فضائیہ نے ایک بیان میں کہا کہ لاک ہیڈ سی 130 نامی طیارے کی لینڈنگ کے دوران خرابی ہوئی تھی، انہوں نے مزید بتایا کہ ’ریسکیو کی کوششیں جاری ہیں‘۔تصویروں میں صوبہ سولو کے پٹیکول کے مقام پر درختوں کے درمیان طیارے کے ملبے سے آگ اور دھواں نکلتے دیکھا گیا جہاں فوج نے طویل عرصے تک باغیوں کا مقابلہ کیا تھا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق طیارے میں 92 افراد سوار تھے جن میں 3 پائلٹ اور عملے کے 5 افراد شامل تھے۔مسلح افواج کے سربراہ سیریلو سوبیجنا نے صحافیوں کو بتایا کہ گر کر تباہ ہونے والے طیارے سے کم از کم 40 افراد کو بچایا گیا اور اب ان کا علاج کرایا جارہا ہے اور ہماری کوشش ہے کہ مزید افراد کو زندہ بچایا جاسکے۔